حیدرآباد 22 اپریل (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے چندرائن گٹہ پولیس کی مدد سے ایک عادی سارق کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ سید وسیم ساکن وٹے پلی فلک نما سینٹرنگ مزدور ہے اور کم آمدنی کے نتیجہ میں وہ بُری صحبتوں اور عادتوں کا شکار ہوگیا۔ گزشتہ سال اُس نے ایک شادی شدہ خاتون سے تعلقات قائم کرلئے اور پرتعیش زندگی گزارنے کے لئے اُس نے سرقے کی وارداتیں انجام دینے لگا۔ 2018 ء میں اُس نے پہلی مرتبہ علاقہ فلک نما اور سنتوش نگر میں سرقے کیا تھا جس کے بعد اُسے پولیس نے گرفتار کیا تھا لیکن ڈسمبر میں جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور پھر ایک مرتبہ علاقہ چندرائن گٹہ اور بھوانی نگر میں سرقے کی وارداتیں انجام دیں۔ ٹاسک فورس پولیس نے چندرائن گٹہ پولیس کی مدد سے سید وسیم کو گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے 9 تولے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرتے ہوئے اُسے جیل منتقل کردیا۔