حیدرآباد /17 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) گھروں میں سرقہ کرنے والے ایک عادی سارق کے خلاف کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے عادی سارق 32 سالہ گنڈری کرن کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ کرن اندرا نگر بوڑاپل علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے جو کولپاپور ضلع محبوب نگر کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کرن سال 2011سے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس نے پوٹل رامیش اور گتہ دار ارجن کے ساتھ ملکر گھروں میں سرقہ کی وارداتیں انجام دینا شروع کردیا ۔ گھٹکیسر پولیس نے سال 2013 میں کرن کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا تھا ۔ جاریہ سال پوٹل رمیش کے ہمراہ اس نے تقریباً 14 وارداتیں انجام دیں ۔ ماہ اگست میں میڑچل پولیس نے ان دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا تھا اور کمشنر نے اس شخص کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔