عادی شرابیاںمنٹل ہاسپٹل سے رجوع نشہ نہ ملنے پر ذہنی توازن میں بگاڑ

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے باعث شراب کے عادی عوام ذہنی توازن کھو رہے ہیں ۔ آج ایک ہی دن ایرگڈہ منٹل ہاسپٹل سے 120 افراد رجوع ہوئے ہیں گذشتہ ایک ہفتہ سے تلنگانہ میں لاک ڈاؤن پر عمل کیا جارہا ہے ۔ جس سے شراب کی دکانیں مکمل بند ہیں جس سے شراب نہ ملنے کی وجہ سے شراب کے عادی عوام اپناذہنی توازن کھو رہے ہیں اور عجیب عجیب حرکتیں کررہے ہیں ایسے افراد کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ منٹل ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے بتایا کہ ایسے کیسیس کی تعداد میں روز اضافہ ہورہا ہے ۔ عام دنوں میں روزانہ 30 تا 40 کیسیس منٹل ہاسپٹل سے رجوع ہوتے ہیں جن میں 4 کیسیس شراب سے متعلق ہوتے ہیں لیکن آج دوپہر ایک بجے تک 120 او پی کیسیس شراب سے متعلق تھے اس تعداد میں شام تک مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اما شنکر نے بتایا کہ گذشتہ دو دن سے ایسے کیسیس کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے جو بھی ہاسپٹل سے رجوع ہورہے ہیں ان کا علاج کیا جارہا ہے ۔ ضرورت کے مطابق انہیں دواخانے میں شریک بھی کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر روز سیندھی ، شراب پینے والوں کو اچانک سب کچھ بند ہوجانے ان کے رویہ میں تبدیلی آرہی ہے ۔ زیادہ مقدار میں کلورو فارم ، ڈیزی فام استعمال کرنے کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے ۔۔