احتجاجی نوجوانوں کو ہراساں نہ کرنے کمشنر پولیس سے اپیل
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے شان رسالتؐ میں گستاخی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین کی عادت بن چکی ہے کہ وہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کریں۔ ملک میں بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتیں سماج کو بانٹنا چاہتی ہیں۔ عوام میں نفرت اور تعصب کو ہوا دی جارہی ہے۔ بی جے پی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے گستاخی پر فوری کارروائی نہیں کی گئی اور بین الاقوامی دباؤ کے بعد اسے معطل کیا گیا لیکن اسے قانونی گرفت سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ حیدرآباد میں بی جے پی کا معطل رکن اسمبلی راجہ سنگھ ایک عادی مجرم ہے اس نے وقتاً فوقتاً اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر اُگلنے کا کام کیا۔ 50 سے زائد ایف آئی آر درج ہیں لیکن کوئی ٹھوس قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ یونائٹیڈ فورم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ملعون اور گستاخ کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے اور عدالت میں استغاثہ کی کمزوری کی وجوہات کی جامع تحقیقات کرائی جائیں۔ فورم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری طریقہ پر مکمل نظم و ضبط کے ساتھ احتجاج درج کرائیں۔ فورم نے کمشنر پولیس سے مطالبہ کیا کہ مظاہرین کے خلاف کارروائی سے گریز کریں اور فوٹو گرافی کرتے ہوئے نوجوانوں کو ہراساں کرنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ فورم نے نوجوانوں کو امکانی ہراسانی سے روکنے کا مطالبہ کیا۔ فورم کے صدر جناب رحیم الدین انصاری، مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی، مولانا سید قبول بادشاہ شطاری، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا صادق محی الدین فہیم، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار اور دوسروں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن رسول اقدس کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتا۔ر