عارضی سیکریٹریٹ بی آر کے بھون کے ملازمین میں بھی کورونا کی توثیق

   

ساتھی ملازمین اور عہدیداروں میں تشویش کی لہر ۔ مختلف شعبوں اور دفاتر کو سینیٹائز کرنے حکام کا فیصلہ

حیدرآباد: تلنگانہ کے عارضی سیکریٹریٹ بی آر کے بھون میں کورونا مریضوں کی نشاندہی نے ملازمین اور عملہ میں خوف پیدا کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران کئی ملازمین اور ارکان عملہ کو کورونا کی توثیق کے باوجود ان کے شعبہ اور محکمہ کے ملازمین خدمات انجام دینے دفترپہنچ رہے ہیں جو کہ دیگر محکمہ جات اور شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ دفاتر میں کورونا مریضوں کی نشاندہی کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے اب تک کوئی توثیق نہیں کی گئی ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروایا جاچکا ہے اورمحکمہ صحت کے عہدیدار سیکریٹریٹ میں برسر خدمت عملہ ‘ عہدیداروں اور ملازمین کے معائنوں کیلئے احکامات کے منتظر ہیں۔ عارضی سیکریٹریٹ کی عمارت میں واقع نیشنل انفارمیٹکس سنٹر کے ملازمین میں کورونا کی توثیق کی اطلاع موصول ہوئی ہے اورکہا جا رہاہے کہ عمارت میں برسر خدمت دیگر محکموں کے عہدیداروں میں بھی علامات پائی جانے لگی ہیں۔ سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کا کہناہے کہ محکمہ جاتی اساس پر جن ملازمین کو کورونا کی توثیق ہوئی ہے ان کوقرنطینہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے رابطہ میں آنے والوں کی جانچ کے علاوہ دفاتر کی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جانا ضروری ہے لیکن محکمہ جاتی عہدیداروں کی جانب سے ایسا نہ کئے جانے کے سبب ملازمین میں تشویش کی لہر ہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر سیکریٹریٹ کی عمارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی آزادانہ نقل و حرکت ہوتی ہے تو وہ دیگر ملازمین کو بھی متاثر کرسکتے ہیں اسی لئے سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے تمام عہدیداروں اور ملازمین کے کورونا وائرس کے معائنوں کے ساتھ ساتھ داخلہ پر ان کے درجہ حرارت کی جانچ کے انتظامات کئے جانے چاہئے ۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے عارضی سیکریٹریٹ دفاتر میں موجود عملہ کو کورونا وائر س کی توثیق کے بعد عہدیداروں نے ان شعبوں اور دفاتر کی صفائی اور انہیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذریعہ سینیٹائز کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروںنے ملازمین کو خوف میں مبتلاء ہونے کے بجائے احتیاط کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جن ملازمین کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے انہیں گھریلو قرنطینہ میں روانہ کیا گیا ہے اور جو لوگ ان سے رابطہ میں آئے ہیں ان کے کورونا وائرس معائنوں کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔