عارف نسیم خان کا مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ سے امیش دیوگن کی گرفتاری کا مطالبہ

   

ممبئی: 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) سنئر کانگریسی قائد اور سابق وزیر محمد عارف نسیم خان نے ممبئی میں وزیرِ داخلہ انل دیشمکھ سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ سلطان الہند خواجہ غریب نواز حضرت معین الدین چشتی اجمیریؒ کی شان میں گستاخی کرنے والے نیوز۔18کے اینکر امیش دیوگن کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔ چونکہ اس ضمن میں ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف اضلاع سے ، مختلف مکاتبِ فکر کے مسلمانوں نے پولس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر درج کرائی ہیں، لیکن اس کے باوجود ابھی تک اس دریدہ دہن خاطی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔جس سے مسلمانوں میں اضطراب اور بے چینی بڑھ رہی ہے ۔ممبئی میں سرکاری سیہادری گیسٹ ہاوس میں وزیر داخلہ سے ملاقات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نیوز۔18کے اینکر امیش دیوگن نے اپنے پروگرام ‘‘ آر پار ’’میں حضرت معین الدین چشتی اجمیریؒ جیسی خدا رسیدہ اور بزرگ شخصیت کے خلاف دریدہ دہنی کرتے ہوئے جس طرح کے نازیبا کلمات ادا کیے ہیں اس سے ہر انسان کو تکلیف پہنچی ہے ، اور دنیا بھر میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہر مذہب و سماج سے تعلق رکھنے والوں لاکھوں عقیدت مندوں کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔ اس موقع پر عارف نسیم خان نے اس ہتک آمیز اور مذہبی فرقہ واریت کو ہوا دینے والے نازیبا تبصرہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امیش دیوگن کے خلاف متعدد مقامات پر آیف آئی آر تو درج کی جا چکی ہیں لیکن اسے ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ۔ اسے فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس نیوز اینکر اور چینل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسے متعصب اور نفرت پھیلانے والے نیوز اینکر کا لائسنس فوری طور رد کیا جائے ۔