عازمین حج، زیادہ وقت اعمال سیکھنے میں لگائیں

   

ورنگل میں تربیتی اجتماع سے ڈاکٹر انیس احمد صدیقی اور دیگر مقررین کا خطاب

ورنگل ۔ 30 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عازمین حج کی خدمت میں مصروف انجمن حجاج حج کمیٹی ورنگل کی جانب سے ہر سال عازمین حج کے لئے تربیتی پروگرام اسلامیہ ڈگری کالج احاطہ میں انجمن حجاج کی جانب سے منعقد ہوتا ہے۔ آج بروز اتوار صبح 10 تا شام 4 بجے تک جاری رہنے والے حج تربیتی پروگرام سے ذمہ داران ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، ڈاکٹر عزیز احمد عرسی، خواجہ نجم الدین گیلانی نے عازمین حج کو زیارت نبوی، زیارت مقدس مقامات عمرہ و حج کے تمام ارکان سے تفصیلی واقف کرواتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات ایک عظیم سفر پر جارہے ہیں، خوش نصیب افراد ہی حج پر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین اپنے وقت کو زیادہ سے زیادہ اعمال کو سیکھنے میں لگائیں۔ مسائل کا علم حج کی مقبولیت کے لئے نہایت ہی ضروری ہے۔ فرائض واجبات اور سنن کو یاد کرلیں اور شریعت اسلامی نے جس انداز میں ہمیں عمل کرنے کا حکم دیا اسی انداز میں اعمال حج کو انجام دیں۔ انشاء اللہ آپ کا حج مقبول ہوگا، مرکزی کمیٹی کی جانب سے تربیت یافتہ تجربہ کار ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، ڈاکٹر عزیز احمد عرسی موظف پرنسپل اسلامیہ آرٹس اینڈ سائنس کالج ورنگل نے تمام ارکان حج، مسائل، احرام اور تلبیہ کو یاد کروایا۔ انہوںنے عازمین سے کہا کہ ابھی سے روزانہ پیدل چلنے کی عادت ڈالیں۔ دوران سفر حج کم سے کم سامان کو ساتھ رکھیں جو نہایت ضروری ہو، صبر و سکون کے دامن کو تھامیں رکھیں، ہر لمحہ ذکر الٰہی کرتے رہیں۔ اس حج تربیتی پروگرام میں کثیر تعداد میں عازمین مرد و خواتین نے شرکت کی۔ سی ایم طاہر کی قرأت کلام پاک سے حج تربیتی پروگرام کا آغاز ہوا۔ حامد حسین حامد نے حمد پیش کی۔ جناب میر کوکب علی انچارج پرنسپل و دیگر موجود تھے۔ خواجہ عظیم الدین، بدرالزماں حبیب (اسلامیہ اسکول مشیر پورہ) ورنگل و دیگر نے عازمین کی خدمت میں پیش پیش رہے۔ تمام عازمین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔