عازمین حج سفری اخراجات کی پہلی قسط15 اپریل تک جمع کراسکتے ہیں

   

18 اپریل تک دستاویزات داخل کرنے کی سہولت
حیدرآباد۔13۔اپریل (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2023 ء کے منتخب عازمین کیلئے سفری اخراجات کی پہلی قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں 15 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے سرکولر جاری کرکے ریاستی حج کمیٹیوں کو تاریخ میں توسیع کی اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ 2023 ء کے منتخب عازمین حج پہلی قسط کے طور پر 81800 روپئے آن لائین جمع کراسکتے ہیں۔ ریاستی حج کمیٹیوں کی نمائندگی پر تاریخ میں 15 اپریل تک توسیع کی گئی ۔ منتخب عازمین کو 18 اپریل تک پے سلپ، درخواست فارم کا پرنٹ ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ و اوریجنل انٹرنیشنل پاسپورٹ حج کمیٹیوں کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ تلنگانہ سے حج 2023 ء کیلئے 5278 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے اور تقر یباً 4000 عازمین نے پہلی قسط کی رقم آن لائین جمع کرادی ہے۔ تاریخ میں توسیع کی صورت میں باقی عازمین حج کو ادائیگی میں سہولت ہوگی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ عازمین حج کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں آن لائین رقومات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی قسط ادا کرنے والے عازمین کو مقررہ تاریخ سے قبل دستاویزات جمع کرانے چاہئے ۔ اسی دوران تلنگانہ عازمین حج کیلئے دوسرا تربیتی کیمپ 16 اپریل کو مسجد دارالعرفان ریڈ ہلز میں منعقد ہوگا۔ ر