عازمین حج صبر و تحمل کے ساتھ مناسک حج ادا کریں

   

صدرنشین حج کمیٹی حضرت خسرو پاشاہ کی تلقین
حیدرآباد۔/8 جون، ( پریس نوٹ ) حضرت سید شاہ افضل بیابانی خسرو پاشاہ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج ہاوز نامپلی میں عازمین حج ویٹنگ لسٹ کے آخری قافلے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قدیم زمانے میں حج کو جانے کیلئے کسی قسم کی سہولت نہیں تھی لوگ کشتیوں کے ذریعہ سفر کرتے تھے اور پیدل بھی حج کیا کرتے تھے ان کا جذبہ ایمانی قابل قدر ہے لیکن آج تمام سہولتیں میسر ہونے کے باوجود ذرا سی تکلیف پر شکوے اور شکایتیں کرتے ہیں۔ مولانا خسرو پاشاہ نے کہا کہ حج کا نام ہی دراصل مشقت اور محنت ہے۔ عازمین حج اپنا حج صبر و تحمل کے ساتھ ادا کریں۔ کسی بھی دشواری پر وہ خادم الحجاج سے رجوع ہوں جو آپ کی رہنمائی کریں گے۔ جناب خسرو پاشاہ نے آخر میں کہا کہ عازمین حج کے اس 99 پر مشتمل قافلے میں ایسے افراد کو شامل کیا جارہا ہے، چند روز قبل ایک عازم حج کا انتقال ہوگیا تھا ان کی کی جگہ ان کے فرزند کو روانہ کیا جارہا ہے۔ دوسرے عازم حج جن کے پیر میں شدید چوٹیں آنے کی وجہ سے ان کے بھائی کو رکھا گیا ہے۔ ایک عازم حج جوڑا جن کے پاس پیسوں کا معقول انتظام نہیں تھا پیسوں کا بندوبست ہونے کے بعد روانہ کیا جارہا ہے۔ ابتداء میں حافظ سید انوار اللہ قادری امام مسجد حج ہاوز نامپلی کی قر￿ت و جناب سید غوث الدین قادری کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جناب شیخ لیاقت حسین ایگزیکیٹو انجینئر حج کمیٹی نے خیرمقدم کیا۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی صدر نشین وقف بورڈ ، جناب محمد فہیم الدین قریشی ، جناب محمد مجیب الدین، جناب محمد لئیق ، مولانا تقی رضی الدین،خواجہ ثناء کے علاوہ جناب انیل کمار یادو ایم پی نے بھی مخاطب کیا۔ جناب عرفان شریف اسسٹنٹ ای او نے کارروائی چلائی۔