جنگاؤں میں ٹیکہ اندازی و تربیتی پروگرام کا انعقاد، مفتی محمد زکریا قاسمی و دیگر کی مخاطبت
جنگاؤں۔ 28؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع حج سوسائٹی جنگائوں کے زیر اہتمام ایک روزہ عازمین حج کیلئے تربیتی پروگرام اور ٹیکہ اندازی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کی صدارت نائب صدر سوسائٹی و رکن بلدیہ جناب محمد صمد نے کی۔بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے مفتی محمد ذکریا قاسمی امام و خطیب مسجد قباء و جنرل سکریٹری جمعیت علما ورنگل نے مکمل مناسک حج اور زیارت مدینہ منورہ سمجھائے۔ انہوں نے کہا کہ سفر حج ایک عاشقانہ عبادت ہے۔ حج اللہ کی رضا و قرب نیز حج کرنے والا ایسا ہوتا ہے جیساکہ ماں کے پیٹ سے ابھی پیدا ہوا۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ اراکین حج میں جلد بازی نہ کریں اور سکون و اطمینان کے ساتھ ادا کریں۔ زیادہ مصالحہ دار غذاؤں سے پرہیز کرنے اور اپنی صحت کی حفاظت کرنے کا مشورہ دیا۔ روزانہ پیدل چلنے اور دعائیں مانگنے کی عادت اختیار کرنے کو کہا۔ روضۂ رسولؐ کی زیارت بھی سکون و اطمینان سے کرنے اور بالکل بے ادبی نہ کرنے کی تلقین کی۔ حقوق العباد اگر باقی ہوں تو حج سے قبل ان کو ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ حج سوسائٹی جنگائوں کے جنرل سکریٹری محمد خواجہ مجتہد الدین نے دیگر انتظامی امور اور مرکزی حج کمیٹی کی ہدایات سے عازمین حج کو واقف کروایا نیز اس سال حج کمیٹی کی جانب سے روبہ عمل لائی گئی تبدیلیوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے عازمین حج کو مبارکباد دی اور اپنی مخصوص دعائوں میں عالم اسلام اور ملک کے مسلمانوں کے حالات کی درستگی اور عافیت کے ساتھ زندگی گذارنے کیلئے خصوصی دعائوں کی تلقین کی۔ اس کے بعد دوپہر کے سیشن میں حجاج کرام کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد کیا گیا جس کی نگرانی ڈاکٹر سگناکر راجو، سپرنٹنڈنٹ ضلعی ہاسپٹل جنگاوں نے کی۔ جناب معراج الرحمن میڈیکل آفیسر کی قیادت میں ڈاکٹر وں کی ٹیم نے حجاج کرام کا مکمل معائنہ کیا اور ٹیکہ اندازی کی گئی۔ ڈاکٹر اشوک کمار، ڈاکٹر بھاسکر ، ڈاکٹر ہما بھی اس موقع پر معاونت کئے۔ اس موقع پر ضلع حج سوسائٹی کی جانب سے تمام عازمین حج کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ پوکلا جمنا میونسپل چیرپرسن کے علاوہ حج سوسائٹی کے ذمہ داران محمد ظہیر الدین’ محمد حفیظ’ محمد جمال الدین ’ محمد عمران، محمد شکیل، مولانا عبد الرشید، مولانا عقیل حافظ محمد خواجہ مہیمن الدین موجود تھے۔ ضلع جنگاوں کے تمام عازمین حج نے اس ٹیکہ اندازی کیمپ سے استفادہ کیا۔ مفتی محمد زکریا قاسمی کی دعا اور مجتہد الدین کے ہدیہ تشکر پر اس ایک روزہ تربیتی پروگرام و ٹیکہ اندازی کیمپ کا اختتام عمل میں آیا۔