حج کیمپ کا 5 جون سے آغاز،مرکزی تربیتی اجتماع سے محمود علی ، سرینواس یادو، محمد سلیم اور علمائے کرام کا خطاب
حیدرآباد۔/3 جون، ( سیاست نیوز) فریضہ حج کا تعلق دولت سے نہیں بلکہ نیت، عبادت اور اعمال سے ہے، اگر نیت میں اخلاص اور تڑپ ہو تو اللہ تعالیٰ دولت کے بغیر بھی فریضہ حج کی سعادت سے سرفراز فرماتا ہے۔ اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت اور تعلق خاطر سے غریبوں کو بھی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار علمائے کرام نے عازمین حج کے تربیتی اجتماع میں کیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے اپنے ذاتی خرچ سے ریڈ روز گارڈن نامپلی میں عازمین حج کے مرکزی تربیتی اجتماع کا اہتمام کیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عازمین حج نے شرکت کی۔ ریاستی وزراء محمد محمود علی، ٹی سرینواس یادو، مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا مفتی ابرار قاسمی، مولانا ضیاء الدین نقشبندی، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ، اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف اور حج کمیٹی کے ارکان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عازمین حج کو مفید مشوروں سے نوازا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ سفر حج زمانہ قدیم میں کافی مشکل تھا اور حجاج کرام کی واپسی تک انہیں کئی آزمائشوں سے گذرنا پڑتا تھا لیکن آج سفر حج آسان ہوچکا ہے باوجود اس کے عازمین حج کو سعودی عرب میں قیام کے دوران صبر و تحمل سے کام لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور چیف منسٹر کے سی آر اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کیلئے انٹر نیشنل فلائیٹس کے انتظام کی کوششیں جاری ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ملک میں گنگا جمنی تہذیب کا حقیقی معنوں میں گہوارہ ہے اور حکومت نے مسلمانوں کی ترقی کیلئے کئی اسکیمات متعارف کی ہیں۔ وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے کہا کہ آئندہ سال حج سبسیڈی کے ذریعہ حج مصارف میں مزید کمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی ایک ماڈل ریاست ہے اور گجرات سے زیادہ تلنگانہ میں ترقی ہوئی ہے۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کی زبان پر اللہ کی تسبیح اور دعائیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حج سے واپسی کے بعد بھی حجاج کرام کو عبادات اور نیکیوں کا اہتمام کرنا چاہیئے۔ مفتی ابرار قاسمی نے کہا کہ حج کا تعلق دولت سے نہیں بلکہ نیت سے ہے، کئی ایسے دولتمند ہیں جنہوں نے دنیا بھر کا سفر کیا ہے لیکن حج کی سعادت نصیب نہیں ہوئی۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ حج کے بعد اپنی زندگی میں تبدیلی لائیں۔ صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے بتایا کہ 5 جون سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ 7 جون سے قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی۔ روزانہ 3 فلائیٹس کے ذریعہ 450 عازمین روانہ ہوں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر موثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قیام اور ایام حج کے دوران عبادات اور اذکار کا اہتمام کیا جائے۔ عازمین حج کو امور دنیا داری سے گریز کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ارکان سید نظام الدین، سید غلام احمد، جعفر خاں، عرفان الحق، مقبول باشاہ اور دوسرے موجود تھے۔ مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی اور حج اور عمرہ کے ارکان سے واقف کرایا گیا۔ر