عازمین حج کا استقبال شہریت اور قومیت کی بنیاد پر نہیں: گورنر مکہ

   

ریاض۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گورنر مکہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل نے خبردار کیا ہے کہ حج کو کسی بھی قیمت پر سیاست کا اکھاڑا بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔’’الشرق الاوسط‘‘ کو دیے گئے انٹرویو میں خالد الفیصل کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری اور نجی حج ادارے خانہ کعبہ کے عازمین کے استقبال کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دنیا کے کسی بھی علاقے سے آنے والے عازمیں حج کو خوش آمدید کہتا رہا ہے، امسال بھی خیر مقدم کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتارہے گا۔ سعودی عرب نے حج پر آنے والوں کے آرام و راحت کے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔ ’سعودی عرب پہنچنے سے لیکر روانگی تک ہر عازم حج کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا اور ہر عازم حج کا استقبال اس کی شہریت اور قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ ایک عازم کے طور پر کیا جاتا ہے۔‘