مرکزی حکومت کی ریاستوں کو ہدایت، صحت سے متعلق موثر انتظامات پر زور
نئی دہلی : وزارت صحت نے 21 مارچ کو تمام ریاستوں کو ہدایات جاری کی ہیں، جس میں ریاستوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ درخواست گزار عازمین حج کے لیے میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ فراہم کریں اور اس طرح کی اسکریننگ کے لیے ایک تفصیلی فارمیٹ ریاستوں کو بھیجا گیا ہے۔ درخواست دہندگان کی مدد کرنے کے لیے، اس سال درخواست دہندگان کے ذریعہ میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کسی بھی سرکاری ایلوپیتھک طبی ڈاکٹر کے ذریعہ جاری کیا جاسکتا ہے۔ اس سے ملک بھر میں میڈیکل اسکریننگ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے عمل میں آسانی ہوگی۔مرکزی وزارتوں نے ریاستوں کے ساتھ مل کر عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔اقلیتی امور کی وزارت عازمین حج کے لیے معیاری صحت سے متعلق مدد کو یقینی بنانے کے مقصد سے، صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے ساتھ مل کر مکہ مکرمہ جانے کا ارادہ رکھنے والے عازمین کے لیے صحت کے جامع انتظامات کی خاطر تعاون کر رہی ہے۔ سعودی عرب ہر سال دنیا بھر سے مکہ پہنچنے والے تقریباً 25 سے 30 لاکھ عازمین حج کی میزبانی کرتا ہے۔ ہندوستان سے مکہ جانے والے عازمین حج کی تعداد دنیا میں تیسری سب سے بڑی تعداد ہے۔ عازمین حج کی اتنی بڑی تعداد صحت عامہ کے لیے بھی منفرد چیلنجز پیش کرتی ہے، اس لیے مکہ، مدینہ اور جدہ میں عازمین حج کی طبی ضروریات کا اچھی طرح خیال رکھا جانا چاہیے۔گزشتہ 3 برسوں میں کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے عازمین حج کی تعداد میں کمی کا رجحان دیکھا گیا تھا، لیکن اس سال ہندوستانی عازمین کی ایک بڑی تعداد کے مکہ مکرمہ آنے کی امید ہے۔ موجودہ سال کے لیے ہندوستان کو 175025 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔عازمین حج کے لیے جامع اور معیاری خدمات کو یقینی بنانے کے مقصد سے، اقلیتی امور کے وزیر اور صحت کے وزیر نے دونوں وزارتوں کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگوں کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے۔ گزشتہ 3 مہینوں میں دونوں وزارتوں کے درمیان اس موضوع پر 10 سے زائد میٹنگیں منعقد کی گئی ہیں اور ایک تفصیلی لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ اس مرتبہ امبارگیشن پوائنٹس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔