2ہزار روپئے کے کرنسی نوٹ ناقابل قبول، خشخش ساتھ رکھنے پر پابندی
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے عازمین حج کیلئے حکومت سعودی عرب کی جانب سے سفر کے دوران بعض پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کے تحت وہ ممنوعہ اشیاء کو ساتھ نہیں لے جاسکتے۔ ہندوستان میں 2 ہزار کے کرنسی نوٹ کی واپسی کے بعد ہندوستانی عازمین حج کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ 2 ہزار کی کرنسی سعودی عرب نہ لائیں۔ سعودی عرب میں 2 ہزار کی کرنسی ریال میں تبدیلی کیلئے یا کسی اور مقصد کیلئے قبول نہیں کی جائیگی ۔ ہندوستانی کونسلیٹ نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہندوستان سے ریال ساتھ رکھیں تاکہ سعودی عرب میں دوران قیام اخراجات میں دشواری نہ ہو۔ اسی دوران حکومت سعودی عرب نے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جس کے تحت عازمین کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کوئی بھی سامان پلاسٹک کے بیاگ یا تھیلیوں میں نہ رکھیں کیونکہ پلاسٹک بیاگ کو طیارہ میں لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ عازمین حج پلاسٹک کے بیاگ سے ایر پورٹ پر مشکلات پیدا ہوں گی۔ عازمین حج کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کوئی بھی سیال مادہ اپنے سامان میں نہ رکھیں۔ ایر پورٹ پر حکام اسے سامان سے نکال دیں گے۔ پیاکنگ میں بھی عازمین کو احتیاط کرنی چاہیئے۔ نامکمل اور ناقص پیاکنگ کے سامان کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اپنے بیاگیج کو کسی کپڑے میں نہ رکھیں کیونکہ سعودی حکام کپڑے میں بند سامان کو طیارہ میں قبول نہیں کریں گے۔ عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ پکوان کے سامان میں خشخش ہرگز اپنے ساتھ نہ رکھیں کیونکہ خشخش پر سعودی عرب میں امتناع ہے اور سامان میں پائے جانے پر سزاء بھی ہوسکتی ہے۔ر