حیدرآباد ۔ 26۔جون (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے منتخب عازمین کے لئے فلائیٹ کی ای بکنگ کا آغاز کردیا ہے۔ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر کور کے سربراہ کی جانب سے ای بکنگ کی جاسکتی ہے ۔ آن لائین بکنگ کی توثیق کی صورت میں عازمین حج کو دو دن قبل شخصی طور پر رپورٹ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وہ صرف 24 گھنٹے قبل رپورٹنگ کرسکتے ہیں۔ آن لائین ای بکنگ روانگی کی تاریخ کی توثیق سے روانگی سے دو دن قبل تک کی جاسکتی ہے۔ فلائیٹ آن لائین بکنگ کرنے والے عازمین حج اپنے متعلقہ امبارگیشن پوائنٹ کو 24 گھنٹے قبل رپورٹ کریں۔ جنہوں نے آن لائین بکنگ نہیں کی ہو ایسے عازمین کو روانگی سے دو دن قبل تمام دستاویزات کے ساتھ رپورٹ کرنا ہوگا۔ آن لائین بکنگ میں ایک کور نمبر میں موجود تعداد کو منقسم نہیں کیا جاسکتا۔ عازمین کے زمرہ کو ایک بار الاٹمنٹ کے بعد تبدیل نہیں کیا جاسکے گا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود علی خاں کے سرکولر کے مطابق فلائیٹ کی تاریخ کے الاٹمنٹ کے بعد کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ صرف انتقال، شدید بیماری یا حادثہ کی صورت میں فلائیٹ شیڈول میں تبدیلی ممکن ہے۔ آئندہ فلائیٹ میں نشستوں کی دستیابی پر اس کا انحصار رہے گا۔ ایرپورٹ پر رپورٹنگ ٹائم فلائیٹ کے وقت سے 6 گھنٹے قبل رہے گا ۔ اگر کوئی عازم بکنگ کے باوجود طیارہ میں سوار نہ ہوسکے تو اسے فی عازم 25,000 روپئے کے حساب سے جمع کرنے ہوں گے تاکہ انہیں دوسری فلائیٹ میں نشست فراہم کی جاسکے۔ نشست کی فراہمی دستیابی پر منحصر رہے گی۔
