ناظر رباط حسین محمد الشریف کا بیان ۔ فبروری میں قرعہ ‘710 عازمین کے قیام کی گنجائش
جناب زاہد علی خان کی سرپرستی اور جناب عامر علی خان کے مثالی تعاون کو خراج
حیدرآباد 28 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ناظر رباط نظام حیدرآباد جناب حسین محمد مدار الشریف کی کاوشوں سے اس بار سابقہ نظام اسٹیٹ کے عازمین حج کے قیام کیلئے نئی عمارت کا انتخاب کرلیا گیا ہے ۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے بتایا کہ سابقہ نظام اسٹیٹ جو تلنگانہ ‘ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے 45 اضلاع پر مشتمل ہے کے عازمین کو اس بار بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یہ عازمین ‘ حج 2025 میں مکہ مکرمہ میں اس عمارت میں قیام کیلئے منتخب کئے جاسکتے ہیں۔ جناب حسین محمد مدار الشریف نے بتایا کہ اس بار جو عمارت حاصل کی گئی ہے اس میں 710 عازمین کے قیام کی گنجائش ہے جبکہ گذشتہ سال 543 عازمین کی گنجائش تھی ۔ عمارت کیلئے تصریح کا عمل شروع کردیا گیا تاکہ سال گذشتہ کی طرح مشکلات پیش نہ آئیں اور عازمین کو قیام کی سہولت فراہم کی جاسکے ۔ جناب حسین محمد الشریف ناظر رباط نے بتایا کہ ان کے والد جناب شریف محمد ایڈوکیٹ کے دور سے گذشتہ 28 برسوں سے اللہ تعالی کے مہمانوں کی بے لوث خدمات جاری ہیں اور اس کا اجر و ثواب سابق نظام حیدرآباد کی روح کو ملے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ناظر رباط کی حیثیت سے خدمات کو جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی سرپرستی حاصل رہی ہے ۔ جناب زاہد علی خان نے ہمیشہ ہی رباط کے امور میں سرپرستی کی اور جناب عامر علی خان ( ایم ایل سی )نیوز ایڈیٹر سیاست نے ہمیشہ ان کاموں میں دست تعاون دراز کیا ہے ۔ جناب حسین الشریف نے بتایا کہ سیاست خاندان سے ان کے دیرینہ روابط رہے ہیں اور جناب زاہد علی خان کی سرپرستی اور جناب عامر علی خان کے تعاون سے وہ 28 برسوں سے عازمین کی خدمات کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔ جناب حسین الشریف نے بتایا کہ جاریہ سال سرگرم کوشش کی جا رہی ہے کہ سعودی حکام سے جلد تصریح حاصل کرلی جائے تاکہ منتخب عازمین حج کیلئے ماہ فبروری 2025 میں حج کمیٹی آف انڈیا کے طریقہ کار کے مطابق حیدرآباد میں قرعہ اندازی کی جاسکے ۔ اس طرح قبل از وقت قرعہ اندازی کی جائے تو عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں قیام کے اخراجات حج کمیٹی کو ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ ناظر رباط نے بتایا کہ اس بار جو عمارت حاصل کی گئی وہ بالکل نئی تعمیر کردہ ہے اور یہ 1+6 منزلہ عمارت ہے جس میں چار لفٹس ہیں اور عمارت عزیزیہ کی مین اسٹریٹ پر ہے جو ہندوستانی حج مشن کے 40 بستروں کے دواخانہ سے متصل ہے ۔ انڈین حج مشن کے قریبی بس اسٹیشن کا فاصلہ یہاں سے پیدل 3 منٹ کا ہے ۔ اطراف میں حیدرآبادی ہوٹلیں اور دوکانیں بھی واقع ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے بتایا کہ ویژن 2030 کے مطابق اور موجودہ قوانین کی رو سے مسار پورٹل کے ذریعہ ایک معلم الاٹ کیا جانا چاہئے اور ویزا انڈاسمنٹ بھی اسی کے ذریعہ ہونا چاہئے تاکہ مشائر کیلئے سہولت ہوسکے اور انتظامات میں آسانی ہوسکے ۔ اس کے علاوہ NUSUK کے تحت حج کی سرگرمیاں انجام دی جاسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر روم میں ایک کیبنیٹ / منی فرج موجود یہ اور اٹاچ باتھ رومس ہیں۔ یہاں ہیٹر اور کچن بھی ہے جس میں پکوان گیس کی سہولت بھی رہے گی ۔ علیحدہ لانڈری ایریا ہوگا اور واشنگ مشینیں بھی دستیاب رہیں گی ۔ اس کے علاوہ حجاج کرام کیلئے استری کی سہولت کا بھی اہتمام رہے گا ۔ جناب حسین محمد الشریف نے بتایا کہ عمارت میں گراونڈ فلور پر استقبالیہ ہے اور ایک فلور پر بڑی جگہ نماز کیلئے بھی دستیاب ہے ۔ ہر فلور پر 24 گھنٹے وائی فائی کی سہولت رہے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکام سے تصریح ملتے ہی ناطر رباط اس کی اطلار حج کمیٹی آف انڈیا / ہندوستانی قونصل خانہ کو دیں گے تاکہ حج پورٹل میں اس کا اندراج ہوسکے ۔ تاہم عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ کے مقام اور دیگر انتظامات کی ذمہ داری تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی ہوگی اور قرعہ اندازی میڈیا اور عہدیداروں کی موجودگی میں ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ 70 عازمین کی ویٹنگ لسٹ بھی رہے گی تاکہ کوئی اپنا سفر منسوخ کردے تو انہیں موقع دیا جاسکے ۔ منتخب فہرست اور ویٹنگ لسٹ کی فہرست پر قرعہ اندازی کے فوری بعد ناطر رباط کی توثیق ہونی چاہئے اور میڈیا میں اس کا اعلان ہونا چاہئے ۔ پھر یہ فہرست مکہ مکرمہ روانہ کی جائے گی تاکہ حکام کے ساتھ پرسکون انتظامات کیلئے رابطے ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ سارے عمل میں کسی کو مداخلت یا ترمیم کرنے کا کسی کو بھی اختیار نہیں رہے گا اور یہ سارا عمل پوری شفافیت کے ساتھ اور ناظر رباط کی شخصی نگرانی میں مروجہ طریقہ کار کے مطابق ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان سارے اقدامات اور انتظامات کو جناب زاہد علی خان کی سرپرستی حاصل ہے اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر بھی اس میں ہمیشہ تعاون کرتے ہیں۔ تاحال رباط نظام میں جملہ 110,000 عازمین قیام کرچکے ہیں۔ مملکت سعودی عرب کی قیادت اور وہاں کے متعلقہ حکام نے بھی ہمیشہ سے ناطر رباط سے تعاون کیا اور رہنمائی کی ہے تاکہ ضیوف الرحمن کو مکہ مکرمہ میں مفت قیام کی سہولت دستیاب ہوسکے ۔