ایک لاکھ 70 ہزار کی رقم 24 اپریل تک جمع کرانے کی سہولت، دستاویزات 18 اپریل تک داخل کرنے کی خواہش
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے منتخب عازمین حج سفری اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 70 ہزار روپئے کی ادائیگی کا کل 17 اپریل سے آغاز کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد یعقوب شیخ نے سرکلر جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پہلی قسط کی رقم ایک لاکھ 70 ہزار روپئے 17 تا 24 اپریل جمع کرائی جاسکتی ہے۔ یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر یا ایس بی آئی اور یونین بینک آف انڈیا کے ذریعہ حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔ پہلی قسط کی رقم بذریعہ چیک جمع کرنے کی گنجائش ہے جو ایس بی آئی اور یونین بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروائی جاسکتی ہے۔ سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ سفری اخراجات کی دوسری اور باقی قسط کی رقم کا تعین فضائی سفر کے خرچ اور سعودی حکومت کی جانب سے انتظامات کے تعین کے بعد عنقریب طئے کیا جائے گا جس کی عازمین کو اطلاع دی جائے گی۔ ہر عازم کیلئے اس کے امبارگیشن پوائنٹ کے مطابق سفری اخراجات رہیں گے جس کی تفصیلات حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں گی۔ عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ پہلی قسط کی ادائیگی کے سلسلہ میں دی گئی تاریخوں کی پابندی کریں۔ اسی دوران منتخب عازمین حج سے بطور اڈوانس 81,800 روپئے کی ادائیگی کی مہلت 15 اپریل کو ختم ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ سے تقریباً 5 ہزار عازمین حج نے اڈوانس رقم ادا کردی ہے۔ حج 2023 کیلئے تلنگانہ سے5278 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کے مطابق عازمین حج 18 اپریل تک دستاویزات حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کراسکتے ہیں۔ اڈوانس رقم کی پے سلپ، درخواست فارم کا پرنٹ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ، اوریجنل انٹرنیشنل پاسپورٹ کے علاوہ دیگر ضروری دستاویزات حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاوز، نامپلی میں جمع کرانے ہوں گے۔ر