عازمین حج کیلئے پہلی قسط کی ادائیگی کا آج آخری دن

   

حیدرآباد 27اپریل (سیاست نیوز) حج 2023 ء کے منتخب عازمین کیلئے سفری اخراجات کی پہلی قسط کی ادائیگی کی کل 28 اپریل آخری تاریخ ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے پہلی قسط کے ایک لاکھ 70 ہزار روپئے کی ادائیگی مقرر کی ہے۔ عازمین کل 28 اپریل تک یہ رقم جمع کرسکتے ہیں۔ ابتداء میں پہلی قسط کیلئے 24 اپریل تک مہلت تھی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ عازمین کی خواہش پر حج کمیٹی آف انڈیا سے نمائندگی کی گئی۔ جاریہ سال تلنگانہ سے 5278 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 4700 سے زائد عازمین حج نے پہلی قسط کی رقم جمع کرادی ۔ منتخب عازمین حج بطور اڈوانس 81800 روپئے پہلے ہی جمع کراچکے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے مطابق دوسری اور آخری قسطوں کی رقومات کا تعین سعودی عرب میں انتظامات اور فضائی کرایہ کی بنیاد پر کیا جائیگا جس کی بعد میں عازمین کو اطلاع دی جائیگی ۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی نے 1 سے 1200 تک ویٹنگ لسٹ عازمین سے خواہش کی کہ اپنا اوریجنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات یکم مئی تک حج کمیٹی میں جمع کرائیں۔ منتخب عازمین کی منسوخی پر ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو روانگی کا موقع حاصل ہوگا۔ر