حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کے لیے بیگیج کے متعلق رہنمایانہ خطوط جاری کیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد خان نے تمام حج کمیٹیوں کو اس سلسلہ میں سرکولر جاری کرتے ہوئے واقف کرایا ہے کہ فی عازم 22کیلوگرام کے دو سوٹ کیس اور 10 کیلو پر مبنی ہینڈ بیاگ کی اجازت رہے گی۔ سرکولر میں سوٹ کیس اور ہینڈ کیری کے سائز کے بارے میں وضاحت کردی گئی۔ سوٹ کیس 158 سنٹی میٹر پر محیط ہو جبکہ ہینڈ کیری بھی محدود سائز کا ہونا چاہئے۔ حج کمیٹی مقررہ وزن سے زائد بیاگیج کے سلسلہ میں کوئی ذمہ داری نہیں لے گی۔ حج کمیٹی نے عازین حج کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سائز اور وزن کی پابندی کریں۔ زائد وزن اور سائز کے بیاگیجس ایرلائنس کی جانب سے قبول نہیں کیئے جائیں گے اور یہ جدہ یا مدینہ حج ٹرمینل پر روک دیئے جائیں گے جس کی واپسی کے لیے حج کمیٹی ذمہ دار نہیں ہوگی۔ عازمین حج کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایرلائنس کے قواعد کی پابندی کریں۔ عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہینڈبیاگیج میں اہم دستاویز جیسے ٹراویل ڈاکیومنٹ، ادویات، عینک نہ رکھیں۔ بیاگیج کے اوپر کور نمبر، نام، پتہ، فلائٹ نمبر اور امبارگیشن پوائنٹ جلی حرفوں میں مارکر پن سے تحریر کیا جائے تاکہ بیگیج کی بآسانی نشاندہی ہوسکے۔ اس کے علاوہ امبارگیشن پوائنٹ پر دیئے جانے والے اسٹیکرس کو چسپاں کریں۔ حج کمیٹیوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس بارے میں عازمین حج میں شعور بیدار کریں۔ تمام متعلقہ ایجنسیوں ایرلائنس اور این جی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ وزن سے زائد بیاگیج کی اجازت نہ دیں۔