رقم ادا کرنے عازمین حج سے صدرنشین حج کمیٹی مولانا سید شاہ خسرو پاشاہ کی اپیل
حیدرآباد ۔ 22 مارچ (پریس نوٹ) حج کمیٹی آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق 2025ء کے عازمین حج کو تیسری قسط کی رقم ادا کرنے کی 3 اپریل آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج سے کہا کہ مقدس سفر حج کی تیسری قسط کی رقم کی آخری تاریخ 3 اپریل سے قبل ادا کردیں۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کو تیسری قسط کے طور پر 58,000 ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ جملہ اخراجات فی عازم حج 3,46,900 جس میں قربانی کی سہولت بھی شامل ہے۔ ایسے عازمین حج جو اب تک دو قسطیں ادا کردیئے ہوں، ان کو تیسری قسط کی رقم 58,000 ادا کرنی ہوگی۔ قربانی کیلئے 16,600 ادا کرنے ہوں گے۔ اس طرح جملہ فی عازم کیلئے 74,600 فی کس تیسری قسط کے طور پر ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر قربانی کے 3,30,300 روپئے فی عازم حج کو ادا کرنے ہوں گے۔ ایسے عازمین حج جو مقررہ تاریخ تک تیسری قسط کی رقم ادا نہیں کریں گے تو انہیں سفر حج کی اجازت نہیں رہے گی۔ مولانا خسرو پاشاہ نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ ایسے عازمین حج جن کے یہاں شیرخوار بچے یعنی دو برس کے اندر ہوں انہیں 20,650 روپئے اضافہ ادا کرنے ہوں گے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 040-23298793 پر اوقات دفتر صبح 10:30 تا 3 بجے شام کے درمیان ربط کریں۔