عازمین حج کی رقومات کی واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری

   

تلنگانہ میں217 عازمین کی ادائیگی باقی
حیدرآباد: حج 2020 ء کی منسوخی کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمین حج کو رقومات کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کی 31 ریاستوں میں تقریباً 90 فیصد عازمین حج کی رقم واپس کردی گئی ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی ڈاکٹر مقصود احمد خاں کے مطابق 9929 کورز کے تحت 25335 عازمین کو رقم کی واپسی ابھی باقی ہے۔ یہ ایسے عازمین ہیں جن کے اکاؤنٹ اور دیگر تفصیلات تبدیل ہوچکی ہیں۔ ریاست حج کمیٹیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عازمین حج کے بارے میں تفصیلات روانہ کریں تاکہ رقم واپس کی جاسکے۔ ملک بھر میں 1,23,429 عازمین کے منجملہ 90111 کو رقم واپس کی جاچکی ہے ۔ تلنگانہ میں 4346 عازمین کے منجملہ 3723 کی رقم واپس کردی گئی۔ 89 کورز کے تحت 217 عازمین کو رقم کی واپسی باقی ہے۔ آندھراپردیش کے تمام 2567 عازمین کی رقم واپس کردی گئی ۔ بینک اکاؤنٹ اور دیگر تفصیلات میں تبدیلی کے باعث رقم کی واپسی میں حج کمیٹی کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ ایسے عازمین سے ربط قائم کرتے ہوئے ان کے تازہ ترین اکاونٹ نمبرس روانہ کریں۔