7 جون کو پہلے قافلہ کی روانگی، 5 جون سے حج کیمپ کا آغاز
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز ) حج کمیٹی آف انڈیا نے 7 جون سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے سلسلہ میں عازمین حج کے انفرادی شیڈول کو قطعیت دینے کا کام شروع کردیا ہے جس کے تحت عازمین حج کی روانگی کی تاریخ اور فلائیٹ کا تعین کیا جائے گا۔ طئے شدہ شیڈول کے مطابق حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 22 جون تک جملہ 46 قافلوں کے ذریعہ عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے وستارہ ایر لائنز کی خدمات الاٹ کی ہیں جس کے تحت 150 نشستی فلائیٹ کے ذریعہ روزانہ 3 پروازیں جملہ 450 عازمین کو حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے جدہ پہنچائیں گی۔ پہلے دن ایک قافلہ صبح 10:15 بجے روانہ ہوگا، اُس کے بعد سے روزانہ تین فلائیٹس روانہ ہوں گے۔ حیدرآباد کے تمام عازمین کی جدہ روانگی عمل میں آئے گی اور وہ احرام کی حالت میں ہوں گے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ مسقط میں ری فیولنگ کیلئے توقف کیا جائے گا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد 15 جولائی سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا مدینہ منورہ سے آغاز ہوگا اور آخری قافلہ 30 جولائی کو حیدرآباد پہنچے گا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ 5 جون سے حج ہاوز میں حج کیمپ کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا اور پہلی فلائیٹ کے عازمین کو رپورٹنگ کرنی ہوگی۔ فلائیٹ کی روانگی کے دن اور تاریخ کی عازمین حج کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جارہی ہے۔ اسی دوران عازمین حج کیلئے مرکزی اور آخری تربیتی اجتماع 3 جون کو ریڈ روز گارڈن نامپلی میں منعقد ہوگا۔ر