عازمین حج کے فرائض، واجبات اور سنن سے واقفیت حاصل کریں

   

تلبیہ کا کثرت سے اہتمام کریں ،ناگرکرنول میں تربیتی اجتماع، مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی کا خطاب

ناگرکرنول ۔20مئی۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حاجی اللہ کے مہمان ہیں اور اللہ تعالیٰ ان کے میزبان ہوتا ہے۔ طاقت، دولت کے سبب کوئی حج نہیں کرسکتا بلکہ حاجی دراصل اللہ تعالیٰ کا حسن انتخاب ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی حیدرآباد نے کیا۔ ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول کے زیر اہتمام رائل فنکشن ہال، کلواکرتی میں منعقدہ عازمین حج کے اجتماع میں بحیثیت مہمان خصوصی مولانا نے خطاب کیا۔ صدر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول جناب شیخ فرید احمد فرید کی صدارت میں منعقدہ اس اجتماع کی سرپرستی مولانا حافظ و قاری محمد عبدالوکیل حسامی نائب صدر سوسائٹی اور نگرانی جناب شمشیر خان نائب صدر سوسائٹی نے کی۔ مولانا محمد عبد الوکیل حسامی کی قر￿ت کلام پاک سے اجتماع کا آغاز ہوا جبکہ حافظ محمد محبوب علی جوائنٹ سیکرٹری سوسائٹی، جناب یوسف خادم گلیمی اور طالبات جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات کلواکرتی نے بارگاہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی نے مناسک حج وعمرہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو سب سے پہلے حج کے فرائض، واجبات، سنن و مستحبات سے متعلق جانکاری حاصل کرنا اور اس بات سے واقفیت بھی ضروری ہے کہ کن امور کو ترک کرنے پر دم واجب ہوتا ہے۔ انہوں نے تلبیہ کی تعریف بتاتے ہوئے کہا کہ حاجی احرام کی حالت میں خود کو اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیتا ہے،اللہ تعالیٰ جو چاہتا ہے حاجی کووہ کام کرنا ہے۔ انہوں نے ایام میں کثرت سے حج میں تلبیہ پڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وقوف عرفات میں اپنی حالت کے بدلنے پر تلبیہ کا اعادہ کرتے رہنا چاہئیے۔انہوں نے ایام حج میں قیام منیٰ ، وقوف عرفات، مزدلفہ کے قیام، رمی جمرات اور طوافِ زیارت سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی۔ انہوں نے آداب زیارت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ درودشریف پڑھنا ہی اونچا عمل ہے جبکہ ایک امتی کا اپنے آقا کے شہر میں آقا کے قدموں کے سامنے کے کھڑے ہوکر درود شریف پڑھنااور سلام پیش کرنا کتنی خوش قسمتی ہے۔انہوں نے قیام مدینہ منورہ کے دوران ادب کے خاص خیال رکھنے کی تاکید کی۔ قبل ازیں صدر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول جناب شیخ فرید احمد فرید نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس موقع پر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول کلواکرتی کے نائب صدور مولانا محمد عبد الوکیل حسامی و جناب شمشیر خان نے صدر سوسائٹی جناب الحاج شیخ فرید احمد فرید ، معتمد جناب الحاج محمد ابراھیم نقشبندی، مشیر جناب الحاج محمد مبین احمد خان ، شریکِ معتمد جناب الحاج شیخ عبد الشکور، حافظ محمد محبوب علی ودیگر ذمہ داران کی گلپوشی و شالپوشی کی۔ اجتماع میں ضلع ناگرکرنول کے حج و زیارت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے جانے والے عازمینِ حج جناب محمد مقصود صدر انتظامی کمیٹی مسجد الوزان کلواکرتی، مسلم قائدین جناب محمد مسعود، جناب سرتاج، جناب شہنواز ، جناب اعجاز کونسلر و دیگر موجود تھے۔