4 قافلوں کی روانگی، جملہ 5250 عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
حیدرآباد۔/18 جون، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ تاحال 34 قافلوں کے ذریعہ 5250عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مقدس سرزمین پہنچ چکے ہیں۔ اتوار کو عازمین حج کے 4 قافلوں کی روانگی عمل میں آئی۔ روانگی کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے تحت اتوار کو 3 کے بجائے 4 قافلے روانہ ہوئے۔ مختلف اوقات میں قافلوں کی روانگی کے موقع پر حج ہاوز نامپلی میں روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ فلائیٹ کی روانگی سے چار گھنٹے قبل عازمین حج کو خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ہاوز سے ایرپورٹ منتقل کیا گیا۔ شام کے قافلہ کو وداع کرنے کیلئے کرناٹک حج کمیٹی کے صدرنشین جناب رؤف الدین کچہری والا اور صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم موجود تھے۔ صدر نشین کرناٹک حج کمیٹی نے گذشتہ سال بھی عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے حج ہاوز کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے حج کیمپ میں موثر انتظامات پر صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی۔ جاریہ سال آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہورہے ہیں۔ جناب کچہری والا نے تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات کے بارے میں صدرنشین حج کمیٹی سے مشاورت کی۔ اسی دوران عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی سید قاسم نے فرائض حج و عمرہ تفصیل سے بیان کئے اور سعودی عرب میں قیام کے دوران عبادات و اذکار پر توجہ دینے کی تلقین کی ۔ ر