صدرنشین کرناٹک حج کمیٹی رئوف الدین اور ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشا کی شرکت، 39 قافلے روانہ
حیدرآباد: 20 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ اختتامی مرحلہ داخل ہوچکا ہے۔ حج کمیٹی سے آج دو قافلوں کی روانگی عمل میں آئی جن میں کرناٹک اور آندھراپردیش کے عازمین شامل تھے۔ قافلوں کی روانگی کے موقع پر کرناٹک کے وزیر حج رحیم خاں، صدرنشین کرناٹک حج کمیٹی رئوف الدین کچیری والا، صدرنشین شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس عبدالقدیر، ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشاہ، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم اور حج کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ کرناٹک کے وزیر حج رحیم خاں نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے انتخاب خوش نصیبی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی اور سرکاری محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے عازمین حج کے لیے موثر انتظامات کئے ہیں۔ رحیم خان نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کو تلنگانہ اور کرناٹک کی ترقی اور امن و شانتی کے لیے دعا کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں عازمین حج کے لیے سدا رامیا حکومت کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ صدرنشین کرناٹک حج کمیٹی رئوف الدین کچیری والا نے کہا کہ بیدر سے تعلق رکھنے والے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے سفر حج کے دوران صبر و تحمل کی اپیل کی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک، مہاراشٹرا اور آندھراپردیش کے مخصوص علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران عازمین کو دنیاوی امور سے دوری اختیار کرتے ہوئے زیادہ تر وقت عبادات میں صرف کرنا چاہئے۔ انہوں نے عازمین سے کہا کہ سعودی عرب میں موسم گرما کی شدت کو دیکھتے ہوئے کولڈ ڈرنکس اور دیگر مشروبات کے استعمال سے گریز کریں۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے تاحال 39 قافلوں کے ذریعہ 5850 عازمین کی روانگی عمل میں آئی ہے۔ حج کیمپ میں انتظامات کی نگرانی صدرنشین محمد سلیم اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف نے کی۔ ر