وقف بورڈ اور حج کمیٹی کا مشترکہ اجلاس، بارش کے پیش نظر عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے صدورنشین اور عہدیداروں کا آج مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ حج ہاؤز نامپلی میں عازمین حج کی سہولت کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ حج ہاؤز میں ہر سال عازمین کے قیام اور طعام کا انتظام کیا جاتا ہے اور بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس کو بھی عازمین کے قیام کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے یہ اجلاس طلب کیا تھا جس میں صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی عرفان شریف کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ کیمپ کے بہتر انعقاد کیلئے سہولتوں سے متعلق عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی گئیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے پانی کی قلت کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے نئے بورویل کی کھدائی سے اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ عازمین حج کو استعمال کیلئے بھی میٹھا پانی سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حج ہاؤز کی اوپری منزلوں میں تمام کمروں کی صفائی کے علاوہ فیان ، گیزر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی گئی۔ کمروں کے باتھ رومس میں وقفہ وقفہ سے صفائی پر توجہ دی جائے گی۔ اندرون دو یوم حج ہاؤز کی ٹانکیوں کی صفائی کا فیصلہ کیا گیا تاکہ نلوں میں صاف پانی سربراہ کیا جاسکے۔ حج کمیٹی کے ذمہ داروں نے زیر تعمیر عمارت اور ٹینٹ میں درکار سہولتوں سے واقف کرایا ۔
اجلاس کے بعد صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ ہر سال کی طرح وقف کی جانب سے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور باتھ رومس کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی فلورنگ خراب ہوچکی ہے ، اسے درست کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عازمین حج تمام سرکاری امور کی تکمیل کے بعد حج ہاؤز سے ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر عمارت کے سیلر میں موجود پانی کی نکاسی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس علاقہ کو حصار بندی کے ذریعہ آمد و رفت کے لئے بند کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز کے سیلر میں جہاں مختلف محکمہ جات کے کاؤنٹرس قائم کئے جاتے ہیں، وہاں آہک پاشی و صفائی کا خصوصی انتظام کیا جائے گا ۔ عازمین حج کی بسوں کی روانگی میں سہولت کیلئے ٹرائیل رن کیا گیا ہے ۔ جاریہ سال ایرکنڈیشنڈ بسوں کے ذریعہ ایرپورٹ منتقل کرنے کی تجویز ہے۔ حج انتظامات کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کا جائزہ اجلاس 8 جولائی کو طلب کیا گیا ہے ۔
