عازمین حج کے پاسپورٹس کی واپسی کا آغاز

   

حیدرآباد: حج 2020 کی منسوخی کے بعد منتخب عازمین کو جمع کردہ رقم اور پاسپورٹ کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ اوریجنل پاسپورٹ کی واپسی کیلئے عازمین حج کو ایس ایم ایس روانہ کئے گئے ہیں اور وہ عازمین جنہیں ایس ایم ایس موصول ہوا، حج ہاؤز میں ایام کار کے دوران صبح 11 تا 3 بجے سہ پہر تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر سے اپنے پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ درخواست گزار یا پھر ان کی جانب سے مجاز کردہ شخص کو شناختی ثبوت پیش کرنے پر اوریجنل پاسپورٹ واپس کیا جارہا ہے ۔ روزانہ 100 عازمین کو پاسپورٹ واپس کئے جارہے ہیں جس کا ایس ایم ایس ایک دن قبل کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا بحران کے سبب حکومت سعودی عرب نے حج 2020 بیرونی عازمین کیلئے منسوخ کردیا ہے۔ سعودی عرب میں مقیم بیرونی اور مقامی افراد کو محدود تعداد میں حج کی اجازت رہے گی۔