عازمین حج کے چار قافلوں کی سعودی عرب روانگی

   

حج کیمپ میں روح پرور مناظر، چہارشنبہ سے آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی
حیدرآباد۔29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ آج 4 قافلوں کی روانگی عمل میں آئی جن میں تقریباً 1446 عازمین حج ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوئے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے آج رات تک عازمین حج کے 14 قافلے روانہ ہوچکے ہیں جن میں 5262 عازمین شامل تھے۔ روزانہ تین یا چار قافلوں کی روانگی کے سبب حج ہاؤز نامپلی میں زبردست گہما گہمی دیکھی گئی۔ تلبیہہ کی گونج میں عازمین کے قافلے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ٹرمنل شمس آباد ایرپورٹ منتقل کئے گئے۔ عازمین کی روانگی کے موقع پر روح پرور مناظر دیکھے گئے اور سینکڑوں کی تعداد میں دوست احباب اور رشتہ داروں نے انہیں وداع کیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ آئی ایف ایس ، صدر اردو اکیڈیمی رحیم الدین انصاری ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف اور حج کمیٹی کے ارکان نے عازمین حج کی بسوں کو جھنڈی دکھائی ۔ مفتی ابوبکر اور دیگر علمائے اکرام نے عازمین حج کو مناسک حج اور حرمین شریفین کے آداب سے واقف کرایا۔ مختلف محکمہ جات کے خصوصی کاؤنٹرس پر سفری امور کی تکمیل کی گئی۔ 30 جولائی کو تین قافلے روانہ ہوں گے ۔ پہلا قافلہ پیر کی رات دیر گئے روانہ ہوگا جبکہ دوسرا قافلہ شام 7.15 بجے اور تیسرا قافلہ رات 11.55 بجے پرواز کرے گا۔ یکم اگست سے آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی شروع ہوگی۔ آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے چند اضلاع کے عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوں گے ۔ آخری قافلہ 4 اگست کو روانہ ہوگا۔ اسی دوران سعودی عرب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اب تک پہنچنے والے عازمین نے عمرہ کی تکمیل کرلی ہے اور تمام خیریت سے ہیں۔