محمد علی شبیر نے وداع کیا، ٹاملناڈو کے 170 عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے
حیدرآباد۔یکم اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش اور تلنگانہ کے عازمین حج پر مشتمل 19 واں قافلہ آج ایر انڈیا کی خصوصی پرواز کے ذریعہ جدہ کیلئے روانہ ہوا۔ اس قافلہ میں 340 عازمین حج شامل ہیں۔ تاحال 19 قافلوں کے ذریعہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 6964 عازمین حج سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگئے ۔ کانگریس کے سینئر قائد اور سابق وزیر محمد علی شبیر نے آج کے قافلہ کو وداع کیا۔ انہوں نے جھنڈی دکھاکر آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کو حج ہاؤز سے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل روانہ کیا۔ تلبیہہ کی گونج میں عازمین کے قافلہ کی روانگی کے موقع پر رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد وداع کرنے کیلئے موجود تھی ۔ قافلہ میں موجود ایک کمسن عازم ہر کسی کی توجہ کا مرکز بن چکا تھا ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے محمد علی شبیر اور دیگر کانگریسی قائدین کو تہنیت پیش کی۔ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے استقبال کیا۔ مفتی ابوبکر نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے مناسک حج بیان کئے اور عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران عبادات میں مصروف رہیں۔ اس موقع پر کانگریس قائدین محمد فیروز خاں ، عامر جاوید ، عبداللہ سہیل ، سید نظام الدین ، محمد مقصود، ایم اے جاوید ، واجد حسین ، یوسف ہاشمی اور دوسرے موجود تھے۔ محمد علی شبیر نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین میں داخلہ کے ساتھ ہی اپنے موبائیل فون بند کردیں تاکہ عبادت میں خلل نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور اللہ تعالیٰ ان کے گھر کی دیکھ بھال کی ذمہ داری لیتا ہے۔ لہذا عازمین کو سعودی عرب میں رہ کر اپنے گھر کی فکر نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کھانے اور پانی کا کم سے کم استعمال کریں تاکہ حوائج ضروریہ کے سبب بار بار عبادت چھوڑ کر جانے کی زحمت سے بچ سکیں۔ انہوں نے عازمین حج سے کہا کہ وہ اللہ کی راہ میں زیادہ سے زیادہ خرچ کریں اور وہاں تقسیم کی جانے والی اشیاء پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو حج کیمپ کے لئے مستقل حج ہاؤز کی تعمیر پر توجہ دینی چاہئے ۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ ان کے دور وزارت میں حج ہاؤز کی عمارت تعمیر کی گئی اور اطراف کی زمینات حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے زیر تعمیر کامپلکس پر حکومت کی توجہ نہیں ہے۔ محمد علی شبیر نے حج کیمپ کا معائنہ کیا اور حج کمیٹی کو بہتر انتظامات کے سلسلہ میں مشورے دیئے ۔ کل 2 اگست کو دوپہر 12.55 بجے 340 عازمین پر مشتمل 20 واں قافلہ سعودی عرب روانہ ہوگا ۔ 3 اگست کو 2 اور 4 اگست کو آخری قافلہ کی روانگی عمل میں آئے گی۔ ٹاملناڈو کے 170 عازمین دو قافلوں میں حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے۔