عازمین عمرہ کو تہنیت ، سدی پیٹ میں روح پرور تقریب

   

سدی پیٹ۔21 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اللہ تعالیٰ اپنے برگزیدہ بندوں کو اپنی بارگاہ میں حاضری کی سعادت نصیب فرماتا ہے۔ خوش بخت ہیں وہ مسلمان جنہیں یہ عظیم موقع میسر آتا ہے۔مصباح الدین مخمور، مالک ایم ایم اسٹیلز سدی پیٹ، گزشتہ پانچ برسوں سے اپنے ذاتی صرفہ سے اہلِ سدی پیٹ کو عمرہ کے سفر پر روانہ کرنے کا شرف حاصل کر رہے ہیں۔ اس سال بھی کاشانۂ مخمور میں ایک روح پرور تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں حافظ عبدالسمیع، مفتی اسماعیل، اور مولانا عبید الرحمٰن امام و خطیب مسجد صوفیہ نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر تاج الدین پٹیل اور سید تعظیم نے بھی اپنا حصہ ادا کیا۔ امسال 10 عاشقانِ حرم شیخ آصف، محمد نواز، محمد احمد پاشاہ، اسرار احمد، محمد شکیل، محمد ارباز، مجیب اشرف، رزاق احمد، محمد نصیب احمد اور محمد فرید الدین کو یہ سعادت نصیب ہورہی ہے۔ مذکورہ زائرین کی روانگی 22 اکتوبر کو حیدرآباد سے جدہ کیلئے عمل میں آئیگی۔ تربیتی کلاس کے اختتام پر مولانا پیر شبیر احمد، صدر جمعیت علماء و سابق رکن قانون ساز کونسل کے انتقال پر اُن کے حق میں دعائے مغفرت فرمائی، اور مولانا غیاث اسعدی کی صحت کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر آیت الرحمٰن، سید قمر الدین طاہر و دیگر موجود تھے۔