عازمین کو حج ٹرمنل میں متنازعہ جوس کی سربراہی پر تنازعہ

,

   

Ferty9 Clinic

ایر انڈیا کی لاپرواہی ، جدہ پہنچنے کے بعد عازمین کی شکایت
حیدرآباد۔31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) مقدس سفر حج کو جانے والے عازمین کو ایر انڈیا کی جانب سے ایک متنازعہ جوس دیئے جانے سے تنازعہ پیدا ہوگیا اور عازمین نے ایر انڈیا کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایر انڈیا کی جانب سے عازمین حج کے ایرپورٹ پہنچنے کے بعد انہیں منی اسنیک کے نام پر سینڈوچ یا بن کے ساتھ جوس دیا جاتا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایر انڈیا یا پھر سعودی ایرلائینس پہلے ہی حج کمیٹی کو اپنے مینو کے بارے میں اطلاع کرتے ہیں۔ جدہ پہنچنے کے بعد عازمین حج نے سیاست کو اطلاع دی کہ کل رات انہیں روانگی سے قبل سینڈوچ کے ساتھ پتنجلی کمپنی کا جوس دیا گیا۔ کئی بھولے بھالے عازمین حج جو پتنجلی کمپنی کے حقائق سے واقف نہیں، انہوں نے جوس نوش کرلیا۔ تاہم ایسے عازمین جو یہ جانتے تھے کہ پتنجلی بابا رام دیو کا پراڈکٹ ہے، انہوں نے جوس استعمال کئے بغیر پھینک دیا۔ عازمین نے مزید بتایا کہ جب اس بارے میں ایر انڈیا کے عہدیداروں کو اطلاع دی گئی تو انہوں نے سنی ان سنی کردی ۔ کئی عازمین نے ساتھی عازمین بطور خاص خواتین اور ضعیف العمر افراد کو جوس پینے سے روک دیا۔ بعد میں اس کی اطلاع ریاستی حج کمیٹی کو دی گئی جس کے بعد بتایا جاتا ہے کہ ایر انڈیا حکام کو متنازعہ کمپنی کا جوس سربراہ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عازمین نے شکایت کی کہ حج ٹرمنل میں کوئی ذمہ دار نہیں ہے جو ایر انڈیا کی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکیں۔ 18 جولائی سے عازمین حج کی پروازوں کا آغاز ہوا اور پتہ نہیں کتنے قافلوں کی روانگی کے وقت عازمین حج کو پتنجلی کا جوس دیا گیا۔ ہوسکتا ہے کہ کئی عازمین نے اسے نوش کرلیا کیونکہ وہ کمپنی کے حقائق سے لا علم تھے۔ جو عازمین جانتے تھے کہ وہ نوش کئے بغیر جوس کو چھوڑ دیا لیکن کسی نے روانگی کی گڑبڑ میں اسے مسئلہ نہیں بنایا ۔ اب جبکہ یہ معاملہ عازمین کے جدہ پہنچنے کے بعد منظر عام پر آیا ہے، حج کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ ایر انڈیا کی سرزنش کرے ۔ سابق میں سعودی ایر لائینس کی خدمات حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کو الاٹ کی گئی اور عازمین حج کو حلال غذائیں اور جوس سربراہ کئے گئے تھیں۔ واضح رہے کہ یوگا گرو رام دیو کے پراڈکٹس کے استعمال کے بارے میں کئی علماء نے فتویٰ جاری کیا ہے ۔ اسی دوران حج ہاؤز سے آر ٹی سی کی جن بسوں سے عازمین حج کو ایرپورٹ منتقل کیا جارہا ہے ، ان میں سامنے کے حصہ میں مورتیاں بنی ہوئی ہیں جس کے سبب عازمین حج بے چینی محسوس کر رہے تھے۔ سابق میں عازمین کے لئے استعمال کی جانے والی بسوں میں موجود مورتیوں کو ڈھانک دیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں کیا گیا۔