عازمین کیلئے کورونا کے سوا کوئی ویکسین لازمی نہیں:سعودی وزارت

   

ریاض : وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ عازمین کے لیے کورونا ویکسین کے سوا کوئی ویکسین لازمی نہیں۔ٹوئٹر پر صارف کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا عازمین کے لیے انفلونزا ویکسین بھی کورونا ویکسین کی طرح لازمی ہے؟صارف کو جواب میں وزارت نے لکھا کہ عازمین کے لیے صرف کورونا ویکسین کی دو خوراکیںلازمی ہیں اس کے علاوہ بھی ویکسین ضروری نہیں۔وزارت نے کہا کہ عازم اپنی مرضی سے انفلونزا ویکسین لگوا سکتا ہے لیکن یہ سب کے لیے قطعی لازمی نہیں ہے۔گزشتہ سالوں میں عازمین انفلونزا ویکسین لیتے رہے ہیں یہ اختیاری ہے جسے عام کلینکس اور فارمیسی سے لگوایا جاتا رہا ہے۔ترجمان وزارت داخلہ کرنل طلال الشلھوب نے اعلان کیا کہ یکم ؍ اگست سے ویکسین نہ لگوانے والوں کے سرکاری و نجی اداروں سمیت تجارتی مراکز، مالز، اسکولز اور دیگر مقامات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔عازمین حج کی سلامتی اور تحفظ کی خاطر سعودی حکومت نے سخت اقدامات کیے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اب بغیر اجازت حج مقامات جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 5 سے 23 جولائی کے دوران مسجدالحرام اور اس کے اطراف کے علاقوں، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں کسی کو بھی اجازت کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔مقررہ تاریخوں کے دوران مذکورہ علاقوں میں بغیر اجازت نامے کے داخل ہونے والے پر 10 ہزارریال جرمانہ کیا جائے گا۔