حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) فلمی انداز میں عاشق جوڑے کا اغوا اور زدو کوب کرنے کے بعد عاشق کو پولیس کے حوالے کرنے والے 6 افراد کو سلطان بازار پولیس نے گرفتار کرلیا۔ نارائن پیٹ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والا عاشق جوڑا گزشتہ روز شہر پہنچا تھا جو اپنی مرضی سے آریہ سماج میں شادی کیلئے آیا تھا۔ کاچی گوڑہ علاقہ کے ایک شاپنگ مال سے لڑکا اور لڑکی کو کار میں اغوا کرنے کے بعد لڑکی کے رشتہ داروں نے انہیں شہر کی سڑکوں پر گھماتے ہوئے زد وکوب کیا اور پھر بعد میں لڑکے کو مدور پولیس کے حوالے کردیا۔ لڑکی کی سہیلی کی شکایت پر یہ واقعہ منظر عام پر آیا اور فوری حرکت میں آتے ہوئے سلطان بازار پولیس نے مدور پولیس کی مدد سے 43 سالہ کرشنا ریڈی، 23 سالہ سرینواس ریڈی، 21 سالہ پون کمار ریڈی اور 29 سالہ سریناتھ ریڈی کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید دو مفرور بتائے گئے۔ اس عاشق جوڑے کی شادی سے لڑکی والے ناراض تھے۔
