عاشق سے بات چیت پر اعتراض، شوہر کا قتل

   

حیدرآباد ۔ 5 جولائی ۔ ( سیاست نیوز) عاشق سے بات چیت پر اعتراض ایک شخص کی ہلاکت کا سبب بن گیا ۔ جہاں بیوی نے شوہر کے اعتراض پر اُس کا قتل کردیا ۔ شہر کے مضافاتی علاقہ باجوپلی میں یہ واردات پیش آئی ۔ ذرائع کے مطابق رادھا نامی خاتون نے اُس کے شوہر انجیلہ اپا کا قتل کردیا اور خودکشی قرار دینے کی کوشش کے دوران پکڑی گئی ۔ متوفی کے رشتہ داروں کے شبہ پر پولیس چوکس ہوئی اور خاتون کے بیان پر پولیس نے اُس کی پوچھ تاچھ کی اور سارے واقعہ کی حقیقت کو منظرعام پر لاتے ہوئے رادھا کو گرفتار کرلیا ۔ رادھا اور انجیلہ اپا کا تعلق محبوب نگر سے بتایا گیاہے ۔ دونوں زندگی کے گذر بسر کیلئے حیدرآباد آئے تھے اور باجوپلی علاقہ میں قیام پذیر تھے ۔ ذرائع کے مطابق رادھا اکثر فون پر مصروف رہتی تھی ۔ انجیلہ اپا کو اُس کے کردار پر شک ہوا اور اُس نے فون پر بات چیت کرنے پر اعتراض کیا ۔ اس بات سے دونوں میاں بیوی میں جھگڑے شروع ہوگئے ۔ گزشتہ روز انجیلہ اپا نے بیوی کو عاشق سے بات کرنے پر پابند کردیا ۔ اس بات سے برہم رادھا نے نشہ کی حالت میں شوہر کا گلہ گھونٹ کر اُس کا قتل کردیا اور قتل کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کررہی تھی۔ باجوپلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع