ضلع رنگا ریڈی کے کنور میں افسوسناک واقعہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) عاشق سے بات چیت پر برہم بھائی نے بڑی بہن کا قتل کردیا ۔ یہ افسوسناک واقعہ ضلع رنگا ریڈی کے کنور میں پیش آیا جہاں 21 سالہ گریجویٹ لڑ کی روچیتا اپنے 20 سالہ بھائی روہت کے ہاتھوں ہلاک ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق روچیتا‘ راگھویندرا نامی شخص کی بیٹی تھی جو پنجرلہ میں رہتے ہیں ۔ اسی گاؤں کے ایک لڑ کے دنیش سے روچیتا کی عاشقی چل رہی تھی۔ لڑکی گریجویشن کے بعد ایم بی اے میں داخلہ کی کوشش کر رہی تھی اور دنیش سے محبت کرتی تھی ۔ ان دونوں کی محبت آشکار ہونے کے بعد دونوں کے افراد خاندان میں جھگڑے شروع ہوگئے اور کئی مرتبہ ان دونوں کے افراد خاندان ایک دوسرے کے مقابل آگئے تاہم بات چیت کے بعد طئے کیا گیا کہ لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کریں گے لیکن اس عاشق جوڑے نے اس پابندی کو نظر انداز کردیا اور ان کے درمیان معشوقہ جاری تھا۔ گزشتہ روز روچیتا مکان میں اکیلی تھی، والدین باہر گئے ہوئے تھے اور لڑکی اپنے عاشق کے ساتھ فون پر بات چیت کر رہی تھی کہ اسی وقت روہت گھر آگیا اور بڑی بہن سے فون پر بات چیت کے مسئلہ پر بحث و تکرار کی اور دونوں میں جھگڑا شروع ہوا ۔ اس دوران روہت نے اپنی حقیقی بڑی بہن کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع