عاشق کی ہراسانی و مارپیٹ سے دلبرداشتہ محبوبہ کی خودکشی

   

حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) گذشتہ 8 سال سے ایک ساتھ زندگی بسر کرنے کے باوجود عاشق محبوبہ کو اپنا نہیں سمجھا۔ ہر دن کسی نہ کسی بات پر جھگڑا اور مارپیٹ اس لڑکی کا مقدر بن گئی تھی جو اپنے گھر والوں کو ٹھکرا کر شادی شدہ ہونے کے باوجود عاشق سے محبت کرتی تھی۔ محبت اور بغیر شادی کے ازدواجی زندگی بسر کرنے والی لڑکی کا عبرت ناک انجام ہوا جس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ بنجارہ ہلز پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 27 سالہ پلوی نے خودکشی کرلی۔ پلوی پیشہ سے خانگی ملازمہ تھی جو سوانندم نامی شخص کو پسند کرتی تھی اور اس سے محبت کرتی تھی۔ سدانندم شادی شدہ تھا اور بیوی بچے والا تھا۔ یہ بات پلوی کو معلوم تھی، باوجود اس کے پلوی اپنے عاشق کی ہر غلطی کو قبول کرتی تھی اور اس سے اس قدر محبت کرتی تھی کہ وہ بغیر شادی کے اس کے ساتھ زندگی بسر کرنے کیلئے بھی تیار ہوگئی اور گذشتہ 8 سال سے زندگی بسر کررہی تھی۔ تاہم گذشتہ چند روز سے سدانندم کے رویہ میں تبدیلی آگئی اور وہ پلوی سے ہر چھوٹی بات پر جھگڑا کرنے لگا اور پلوی کو مارپیٹ کا نشانہ بناتا تھا۔ اس بات کا ذکر پلوی نے اس کی والدہ سے کیا تھا۔ 22 مارچ کو جھگڑے کے بعد پلوی نے والدہ کو سدانندم کی حرکتوں سے واقف کروایا اور 23 مارچ کو دوبارہ مارپیٹ کے بعد پلوی نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع