عاطف رشید نے مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی

,

   

حیدرآباد۔ نائب صدر نشین قومی اقلیتی کمیشن عاطف رشید نے آج تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی ۔ نئی دہلی سے حیدرآباد آمد کے فوری بعد وہ مکہ مسجد پہنچے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد قاسم، وقف بورڈ کے اسسٹنٹ سکریٹری فاروق عارفی اور دوسروں نے ان کا استقبال کیا۔ عاطف رشید نے مکہ مسجد کا معائنہ کیا اور اس کی خوبصورتی اور طرز تعمیر سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے مسجد کی تزئین نو اور تعمیری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ عاطف رشید نے آصف جاہ ششم نواب میر محبوب علی خاں کی مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ عاطف رشید تین روزہ دورہ پر حیدرآباد میں ہیں اور وہ مختلف اقلیتی اداروں کی کارکردگی اور مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ عاطف رشید نے مکہ مسجد میں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں اور مقامی افراد سے ملاقات
کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ خطیب مکہ مسجد مولانا محمد رضوان قریشی سے عاطف رشید نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عاطف رشید نے کہاکہ 2014 میں ملک میں تمام مذاہب اور طبقات کی یکساں ترقی کے دور کا آغاز ہوا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی اقلیتوں کیلئے اسکیمات پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں مرکز اور ریاست کی اسکیمات کا جائزہ لینے کیلئے وہ آئے ہیں۔ تمام طبقات جن میں کرسچن، سکھ اور جین شامل ہیں ان کیلئے ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریاست کی ضرورتوں کے سلسلہ میں گورنر کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکز تمام اقلیتی طبقات کی ترقی کو یقینی بنائے گا۔ ان کے ہمراہ سنٹرل وقف کونسل کے رکن حنیف علی موجود تھے۔