عافیہ خان کی عالمی چمپئن میں شرکت پر سوالیہ نشان

   

نئی دہلی ۔ہندوستانی آرم ریسلر عافیہ خان نے دوسری قومی آرم ریسلنگ میں تین مختلف زمروں میں تین سلور میڈل جیتنے کے بعد ستمبر 2022 میں فرانس میں ہونے والی عالمی چمپئن شپ اور جون 2022 میں ملائیشیا میں ہونے والی ایشین چمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لیے کوالیفائی کیا۔ قومی چمپئن شپ 18-20 مئی 2022 کے دوران گوا میں منعقد ہوئی تاہم، مالی مجبوریوں نے عافیہ کو ملائیشیا میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے سے روک دیا اور اب عالمی چمپئن شپ میں بھی ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے ۔مالی بحران اور عالمی چمپئن شپ کے ضمن میں عافیہ نے کہا کہ بہت پہلے اپنے والد کو کھو جانے کے بعد سے خاندان میں کوئی کمانے والا فرد نہیں ہے۔ موجودہ اپنی صورت حال کے بارے میں بات کرتے ہوئے آسام کے ڈبرو گڑھ ضلع سے تعلق رکھنے والی پہلوان نے کہا میرے والد (ہمارے خاندان کے سربراہ اور واحد کمانے والے رکن) کے انتقال کے بعد زندگی مزید مشکل ہوگئی ہے۔ اگرچہ میں نے کبھی کھیل چھوڑنے کا نہیں سوچا لیکن ہاں، مجھے خود کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے اور اگلے ایونٹ کے لیے دوبارہ پریکٹس میں شامل ہونے کے لیے کچھ وقفے لینے پڑے۔