عاقب کو دورہ انگلینڈ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا جائے :گنگولی

   

ہبلی،27 فروری (آئی اے این ایس) ہندوستانی سابقکپتان سوروگنگولی نے رانجی ٹرافی فائنل میں جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر عاقب نبی دارکی شاندار کارکردگی کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دائیں ہاتھ کے یہ فاسٹ بولر جلد قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے دکھائی دے سکتے ہیں اور ان کا بین الاقوامی سفر انگلینڈ سے شروع ہو سکتا ہے۔گنگولی نے جاری رانجی ٹرافی میں جموں وکشمیر کی قابلِ ذکر پیش قدمی اور لڑنے کے جذبے کی بھی تعریف کی، جہاں وہ پہلی بار فائنل کھیلتے ہوئے آٹھ مرتبہ کے چمپئن کرناٹک کرکٹ ٹیم کے خلاف مضبوط کھیل پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے ایک پیغام میں لکھا کہ جموں و کشمیر نے دنیا کو دکھا دیا کہ محنت اور عزم کیاکچھ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطے کو فخر محسوس کرنے کا موقع دیا ہے۔ سخت حالات مضبوط انسان بناتے ہیں۔ عاقب نبی قومی ٹیم کی جانب بڑھ رہے ہیں اور موسم گرما میں انگلینڈ ان کے آغاز کے لیے بہترین جگہ ہو سکتی ہے۔ہندوستان جولائی میں انگلینڈ کے دورے پر پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ونڈے میچ کھیلے گا۔ یہ دورہ 2027 کے عالمی کپ کی تیاری کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے جو جنوبی افریقہ میں ہوگا۔ گنگولی کا ماننا ہے کہ عاقب نبی کو اس دورے کا حصہ ہونا چاہیے۔ ہبلی کرکٹ گراؤنڈ میں جاری رانجی ٹرافی فائنل میں عاقب نبی نے شاندار بولنگکا مظاہرہ کیا اور سیزن میں ساتویں مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی کارکردگی کی بدولت کرناٹک کی ٹیم 293 رنز پر آؤٹ ہوگئی، حالانکہ میانک اگروال نے 266 گیندوں پر160 رنزکی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ جموں و کشمیرکو پہلی اننگز میں 291 رنزکی سبقت ملی جو میچ کے نتیجے میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔اس سے قبل ہندوستانی سابق وکٹ کیپر دنیش کارتک نے بھی عاقب نبی کی زبردست کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عاقب کی ثابت قدمی قابلِ تعریف ہے، جنہوں نے ٹورنمنٹ کے تمام میچ کھیلے، مختلف حالات کا سامنا کیا اور اب تک60 وکٹیں حاصل کیں۔کارتک نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اس رانجی ٹرافی مہم کو قریب سے دیکھنے کے بعد میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں سے کہوں گا کہ اگر ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہو تو عاقب نبی کے انداز میں محنت کرو۔ طویل عرصے سے کسی بولر یا کھلاڑی کو ایسی کارکردگی کرتے نہیں دیکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو کرکٹ میں عاقب کی توجہ اور سخت محنت انہیں قومی ٹیم تک پہنچا سکتی ہے۔ وہ ایک حقیقی چمپئن ہیں اور مستقبل میں مزید کامیابی کے مستحق ہیں۔کارتک نے کہا کہ پورے ٹورنمنٹ میں شاندار کارکردگی، طویل اسپیلز، مختلف میدانوں اور موسموں میں بہترین کھیل، اور ہر موقع پر ٹیم کے لیے وکٹ لینے کا یقین عاقب نبی کی خاص پہچان ہے۔ انہوں نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عزم، مہارت اور حوصلے سے کامیابی حاصل کرنے کی بہترین مثال ہیں۔