عالمی ادارہ صحت کی ووہان کے عوام کی ستائش

   

جینیوا،7فروری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او)نے کورونا وائرس سے بے حال چین کے ووہان شہر کے سبھی لوگوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے تئیں شکریہ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈراس ایڈرینام گیبرئیسس نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا،‘‘ ووہاں کے لوگ بہت کچھ جھیل رہے ہیں۔میں سب سے پہلے کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے میں ان کے تعاون کے لئے ان کی ستائش کرتا ہوں اور شکریہ ادا کرتاہوں۔’’واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا معاملہ چین کے ہوبئی صوبے میں ووہان میں سامنے آیا تھا۔ 23جنوری سے ملک کے باقی علاقوں سے اس کا رابطہ منقطع کردیاگیا ہے تاکہ یہاں سے دیگر مقامات پر وائرس پھیلنے سے روکا جاسکے ۔مسٹر ٹیڈراس نے کہا،‘‘انسانیت کے لئے ایسے کام کی ستائش الفاظ سے نہیں کی جاسکتی۔میں اس کے لئے پرعزم ہوں اور وہ جو کررہے ہیں اس پر فخر کرتا ہوں۔’’انہوں نے کہا‘‘میں بیجنگ میں تھا اور میری خواہش ووہان جانے کی تھی لیکن میں وہاں کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتاہوں کہ جلد ہی ایک دن ان کے پاس جاؤں گا۔میرا حوصلہ ان کے اور اس جان لیوا وائرس سے لڑرہے دیگر لوگوں کے ساتھ ہے ۔