نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کوکہاہے کہ عالمی امن ہو یا خوشحالی یا عالمی چیلنجوں کا حل ان ساری چیزوں کےلئے آج دنیا بڑے اعتماد کے ساتھ ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور ہندوستان بھی عالمی سطح کا ایک بڑا کھلاڑی ہے۔ جومقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہاہے۔وزیر اعظم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بین الاقوامی تجارتی تنظیم کے جیٹو کنیکٹ 2022 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔وکل فار لوکل کے منتر پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہاہے کہ آزادی کے 75 سال کا جشن منانے کے دوران ہندوستانیوں کو غیر ملکی اشیاء کا غلام نہیں بننا چاہیے۔ہمیں غیر ملکی مصنوعات پر انحصار کم کرنا ہوگا۔ ایکسپورٹ کے لیے نئی جگہیں تلاش کرنا ہوں گی، مقامی منڈیوں میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔ مصنوعات کو صفر نقائص اور ماحول پر صفر اثر ہونا چاہیے۔تین یوروپی ممالک کے اپنے تین روزہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہاہے کہ اس دوران انہوں نے بہت سے لوگوں سے ہندوستان کی صلاحیتوں، حلوں اور مواقع کے بارے میں تبادلہ خیال کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کی امید اور یقین آج ہندوستان کے سامنے آ رہا ہے، آپ سب بھی اسے محسوس کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہاہے کہ آج دنیا ہندوستان کے ترقی کے عزم کو اپنے مقاصد کے حصول کا ذریعہ سمجھ رہی ہے۔آج ملک ٹیلنٹ، کاروبار اور ٹیکنالوجی کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔