عالمی برادری پُرامن افغانستان کیلئے اپنا رول ادا کرے : قریشی

   

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اس اہم موڑ پر وہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے عالمی رابطوں کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ ’مشترکہ کوششوں سے ہی افغانستان کو انسانی المیے اور معاشی مشکلات سے بچا سکتی ہیں۔‘افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ افغانستان میں امن سے علاقائی ممالک کی سرحدیں محفوظ، افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی، افغانستان میں معاشی بہتری اور علاقائی معاشی روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔