کابل : افغانستان میں حکمران طالبان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو کابل میں نئی ملکی حکومت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ یہ بات طالبان کے ایک ترجمان عبدالقہار بلخی نے منگل کی شام جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے ساتھ ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہی۔ بلخی نے، جو کابل میں افغان وزارت خارجہ کی ترجمانی بھی کرتے ہیں، کہا کہ ہندوکش کی اس ریاست میں نئی حکومت کے ساتھ رابطے اور اشتراک عمل ناگزیر ہیں، جن میں بین الاقوامی برادری کو کسی ہچکچاہٹ سے کام نہیں لینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے خلاف عائد کردہ مغربی پابندیوں کی صورت میں افغان عوام کو ناجائز طور پر اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔