عالمی برادری کے تعاون سے ہی پاکستان میں کرکٹ بحال ہوگی

   

کراچی ۔27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکن کرکٹ کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کرکٹ کی عالمی برادری سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے حمایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ونڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان آئی ہے ۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ دنیا کو یہ دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس لانے کے لیے کتنی محنت کی، اس میں پی سی بی کے ساتھ ہماری افواج، سندھ پولیس اور مقامی حکومت نے ملک میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت محنت کی۔ انہوں نے کرکٹ کی عالمی برادری کو پیغام دیا کہ ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے اور اگر آپ نے حمایت کی تو پاکستان میں کرکٹ جلد واپس آ سکتی ہے۔ انہوں نے سری لنکن بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی پاکستان نہیں آئے ان کی ذاتی وجوہات ہو سکتی ہیں لیکن ہم ٹیم بھیجنے پر سری لنکا کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ دنیا کے لیے بہت اہم ہے اور اس کے بغیر دنیا میں کرکٹ کا معیار بہت گر جائے گا، ان سب سے درخواست ہے کہ پاکستان کرکٹ کی حمایت کریںکیونکہ بین الاقوامی کرکٹ پاکستان ٹیم کے بغیر ادھوری ہے اور اگر سب مل کر حمایت کریں گے تو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ضرور آئے گی۔یاد رہے کہ ونڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں جہاں پہلا ٹی ٹوئنٹی 5 اکتوبر کو ہوگا جس کے بعد 7 اکتوبر کو دوسرا اور 9 اکتوبر کو تیسرا ٹی20 کھیلا جائے گا۔سری لنکا کی ٹیم سیریز مکمل ہوتے ہی 10 اکتوبر کو واپس اپنے ملک چلی جائے گی۔یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی ٹیم کی بس پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا دروازہ بند ہوگیا تھا اور تاحال مشکلات کا سامنا ہے۔