صدر پاکستان عارف علوی کی اپیل، وزیر خارجہ بلاول بھٹوکا بھی گستاخانہ بیان پر شدید ردعمل
اسلام آباد : صدر مملکت پاکستان عارف علوی نے بی جے پی رہنما کی جانب سے نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر پاکستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محض پارٹی عہدیداروں کو معطل کرنا اور نکال دینا کافی نہیں۔ صدر عارف علوی نے عالمی برادری اوراقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان میں بڑھتے اسلامو فوبیا کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ توہین آمیز اور متنازعہ بیانات سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ مودی کے نفرت انگیز ہندوتوا فلسفے کے تحت ہندوستان اپنی تمام اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں کو پامال کررہا ہے۔خیال رہیکہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمؐ کے حوالے سے متنازعہ گفتگو کی تھی۔بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر ہندوستان اور بیرون ملک شدیدغم وغصے کا اظہارکیا جارہا ہے۔دوسری جانب عرب ممالک میں بھی عوام کی جانب سے سخت احتجاج کیا جارہا ہے۔ مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اورکویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی ہے اور ہندوستان سے درآمد شدہ اشیاء استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ دوسری طرف پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ترجمان کی جانب سے نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پیارے نبی کریم ؐ کے بارے میں بی جے پی ترجمان کے توہین آمیز ریمارکس کی مکمل طور پر شدید مذمت کرتے ہیں۔انھوں نے لکھا کہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ناقابل قبول ہے، وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم ہندوستان میں اسلامو فوبیا سے متاثر ہندو توا کے نظریے کو روکے۔خیال رہیکہ بی جے پی کی مرکزی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمؐ سے متعلق گستاخانہ گفتگو کی تھی۔بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ملک شدیدغم وغصے کا اظہارکیا جا رہا ہے۔