اسلام آباد ۔ 10 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے منگل کے روز بین ا لاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری تحدیدات برخاست کرنے کے لئے ہندوستان پر دباؤ ڈالیں ۔ یاد رہے کہ 5 اگست کو جموں و کشمیر کے خصوصی موقف دفعہ 370 کو برخاست کرنے کے بعد حکومت ہند نے جموں و کشمیر میں تحدیدات اور پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جبکہ وہاں کے اہم سیاسی قائدین بھی نظر بند ہیں۔ یہ تحدیدات چوتھے ماہ میں داخل ہوگئی ہیں۔ یوم انسانی حقوق کے موقع پر ایک ٹوئیٹ کے ذریعہ عمران خان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام پر جو ظلم و جبر کیا جارہا ہے ۔ وہ (عمران) اس کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام جو اس وقت اپنے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، پا کستان ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے اور ان لوگوں کو بھی خواب غفلت سے جگانا ہے جو بین الاقوامی قوانین کے روح رواں ہیں اور ساتھ ہی ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف کارروائی کریں ۔
