جرائم کی روک تھام کیلئے عصری ٹکنالوجی سے متاثر، سکریٹریٹ کی خوبصورت عمارت کو سراہا اور تلنگانہ تلی کو خراج پیش کیا
حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) مس ورلڈ 2025 مقابلہ میں حصہ لینے والی 109 ممالک کی حسیناؤں نے آج تلنگانہ سکریٹریٹ اور پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے سرکاری محکمہ جات اور خاص طور پر محکمہ پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ دنیا بھر سے حیدرآباد میں موجود حسیناؤں کے لئے حکومت کی جانب سے مختلف مقامات کے دورہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ تاریخی، تہذیبی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ کو دنیا بھر میں شوکیس کیا جارہا ہے تاکہ ریاست کی ترقی میں مدد ملے۔ تلنگانہ سکریٹریٹ کی عمارت کا معائنہ کرنے کے بعد عالمی حسیناؤں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ نظم و نسق کے لئے غیر معمولی اور خوبصورت عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ حسیناؤں کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں موجود مجسمہ تلنگانہ تلی کو حسیناؤں نے خراج پیش کیا۔ انہوں نے عمارت اور مجسمہ کے ساتھ تصاویر کھنچوائیں۔ عہدیداروں نے سکریٹریٹ کے مختلف گوشوں کا معائنہ کرایا۔ حسیناؤں کے لئے لنچ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر حسیناؤں نے پرانے شہر میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں ہلاکتوں پر بطور احترام دو منٹ کی خاموشی منائی۔ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں جرائم کی روک تھام کے لئے عصری ٹکنالوجی کے استعمال سے حسیناؤں کو واقف کرایا گیا تھا۔ پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کے مختلف شعبہ جات میں عالمی حسیناؤں نے گہری دلچسپی دکھائی۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام کے لئے عصری ٹکنالوجی کے استعمال میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے حسیناؤں نے حیدرآباد میں جرائم کی شرح میں کمی پر مسرت کا اظہار کیا۔ گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کا مشاہدہ کرتے ہوئے عالمی حسینائیں کافی متاثر ہوئیں۔ عالمی حسیناؤں کا تاثر تھا کہ جرائم کی روک تھام اور ٹکنالوجی کے استعمال کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاست دنیا بھر میں منفرد ہے۔ سکریٹریٹ کے دورہ کے موقع پر عہدیداروں نے پرانے شہر میں آتشزدگی کے واقعہ کی تفصیلات پیش کیں جس پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حسیناؤں نے دو منٹ کی خاموشی منائی۔ پولیس کے عہدیداروں نے مختلف گوشوں کا معائنہ کرایا جو جرائم کی روک تھام میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے عالمی حسیناؤں کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ پولیس، بینڈ اور ڈاگ شو کا مظاہرہ کیا گیا۔ عصری آلات اور ہتھیاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ کمشنر پولیس سی وی آنند اور ڈائرکٹر کمانڈ کنٹرول کملاسن ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ 1