عالمی روڈ سیفٹی کانفرنس میں گڈکری کی شرکت

   

نئی دہلی17فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سڑک حادثات کو کم کرنے کے لئے مختلف ممالک کے ساتھ تجربے کا اشتراک کر کے 2030 تک دنیا کو روڈ سیفٹی کے لحاظ سے محفوظ بنانے کے مقصد سے اسٹاک ہوم میں دو روزہ ‘اعلی سطحی عالمی روڈ سیفٹی کانفرنس’ منعقد کی جا رہی ہے جس میں سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری ہندوستان کی نمائندگی کریں گے ۔ روڈ سیفٹی پر یہ تیسری اعلی سطحی عالمی کانفرنس ہے ۔ یہ کانفرنس سویڈن کے دارالحکومت اور وہاں کے سب سے بڑے شہر اسٹا ک ہوم میں 19 اور 20 فروری کو منعقد کی جائے گی ۔ کانفرنس میں دنیا کے تمام بڑے ملک اپنا موقف رکھیں گے اور 2030 تک روڈ سیفٹی کے لئے مقرر ہدف کی سمت اٹھائے جا رہے اپنے اقدامات کی معلومات دیں گے جس کی بنیاد پر ایک روڈ میپ تیار کیا جائے گا ۔مسٹر گڈکری اس کانفرنس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے اور 2030 کا ہدف حاصل کرنے کی سمت میں ہندوستان کا موقف رکھیں گے اور بتائیں گے کہ ہم اس سمت میں کیا قدم اٹھا رہے ہیں ۔ کانفرنس کا مقصد اقوام متحدہ کے اس دہائی کو روڈ سیفٹی کے لئے اہم بنانے کی سمت کام کرنا اور 2030 تک دنیا کو سڑک حادثات سے مبرّا بنانے کا ہدف حاصل کرنا ہے ۔ روڈ سیفٹی کے تعلق سے دوسری اعلی سطحی عالمی کانفرنس 2015 میں برازیل میں منعقد کی گئی تھی جس میں عالمی بینک اور عالمی ادارۂ صحت سمیت کئی عالمی ایجنسیوں نے اہم کردار ادا کیا تھا ۔ اس کانفرنس کا ہدف دنیا میں سڑک حادثات میں کمی لانا تھا ۔