ہندوستان اور سعودی عرب سفارتخانوں کے زیر اہتمام تلنگانہ انوسٹمنٹ میٹ سے کے ٹی آر اور اوصاف سعید کا خطاب
حیدرآباد : وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاری کیلئے تلنگانہ پُرکشش منزل ہے ۔ بہترین صنعتی پالیسی کی توسط سے تقریباً 22بلین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے اور 15لاکھ ملازمتیں فراہم کی ہے ۔ کے ٹی آر نے ہند ۔ سعودی سفارتخانوں کے زیراہتمام تلنگانہ انوسٹمنٹ میٹ میں خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اپنی عمدہ صنعتی اور سرمایہ کاری پالیسیوں کی وجہ سے گذشتہ 7 سال سے دنیا کے کئی ممالک اور شہرت یافتہ کمپنیوں اور کارپوریٹ اداروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے میں کامیاب رہی ہے ۔ نہ صرف ہندوستان میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ٹی ایس ۔ آئی پاس پالیسی کی ستائش کی گئی ہے ۔ اس پالیسی سے جہاں تلنگانہ میں 22 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری ہوئی وہیں 1.5 ملین راست ملازمتیں بھی فراہم کی گئی ہیں ۔کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ مختلف شعبوں جیسے آئی ٹی ، فارما ، لائف سائنس ، ایرو اسپیس ، دفاع ، قابل تجدید توانائی اور فوڈ پراسیسنگ میں سرمایہ کاری راغب کرنے کوشاں ہے ۔ ان میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی کمپنیاں دلچسپی دکھاتی ہیں تو حکومت ان کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہندوستان کے سعودی عرب جیسے عرب ممالک کے ساتھ بہتر اور قریبی و خوشگوار تعلقات ہیں اور ہندوستان کے لاکھوں افراد عرب ممالک میں ملازمت کرتے ہیں ۔ کے ٹی آر نے سعودی عرب کے ساتھ تلنگانہ کے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اجلاس پر ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب اوصاف سعید سے اظہار تشکر کیا ۔ سفیر ہند برائے سعودی عرب اوصاف سعید نے کہا کہ اگرچہ تلنگانہ نئی ریاست ہے لیکن گذشتہ 5سال سے صنعتی شعبہ میں بہتر پیشرفت کررہی ہے ۔تلنگانہ کی صنعتی ترقی ناقابل فراموش ہے اور تلنگانہ کی صنعتی ترقی کو ملک بھر میں سرفہرست مقام حاصل ہے ۔ وہ سعودی کمپنیوں اور تلنگانہ کے درمیان بہتر تجارتی اور سرمایہ کاری موقع فراہم کرنے کے ٹی آر کی درخواست پر ایک پُل جیسی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انوسمنٹ میٹ کے بعد بھاری سرمایہ کاری سعودی سے تلنگانہ پہنچے گی ۔ اس دو روزہ پروگرام کے ذریعہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور تلنگانہ کی صنعتی پالیسیوں سے سعودی کمپنیوں کو واقف کراتے ہوئے سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے گی ۔ افتتاحی تقریب میں سعودی انڈیا بزنس کونسل صدرنشین عبدالعزیز الختانی، سعودی حکومت کے نمائندہ محمد الحسنا ، چیف سکریٹری صنعت تلنگانہ جیش رنجن ، نیتی آیوگ کے اڈیشنل سکریٹری راکیش سروال کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔