موسم گرما کے اواخر تک ملک کے کئی علاقوں میں عوام کے لئے سخت حالات کا اندیشہ
حیدرآباد۔29۔مارچ (سیاست نیوز) عالمی سطح پر درجہ حرارت میں ہونے والے اضافہ کے اثرات جاری سال موسم گرما کے دوران ہندستان پر بھی مرتب ہونے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ جاریہ موسم گرما کے اواخر میں ہندستان میں موسم’’انسانیت کی بقاء‘‘ کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ سال گذشتہ دنیا کے کئی ممالک میں دیکھے گئے موسم گرما بالخصوص برطانیہ اور دیگر ممالک کے حالات نے جو خوفناک صورتحال پیدا کی تھی کچھ اسی طرح کے حالات کا ہندستان کے کئی علاقوں کو سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ماہ فروری کے دوران ملک کے مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئی گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے عالمی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ملک کے کئی علاقو ںمیں موسم گرما کے آخری ایام کے دوران صورتحال عام گرما سے مختلف ہوگی اور درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ گرم ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے جو کہ انسانی زندگی کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے علاوہ ازیں اگر درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافہ ہوتا ہے تو ایسی صورت میں ملک کی کئی ریاستوں میں گرما کے سبب ہونے والے مسائل میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔ درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے مطابق کہا جا رہاہے سال گذشتہ موسم گرما 1901کے بعد سب سے زیادہ گرم ترین ریکارڈ کیا گیاتھا اور اس سال گرما کی شدت میں اضافہ کے خدشات کے ساتھ یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ماہ مئی اور جون کے دوران ہندستان کی بیشتر ریاستوں میں گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ ہوگا کیونکہ ماہ فروری کے دوران گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کی کئی ریاستوں بالخصوص شمالی ہند کی ریاستو ںمیں گرمی کی شدت میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور ماہ مارچ کے دوران غیر موسمی بارشوں کے سبب گرمی کی شدت میں کسی قدر کمی دیکھی گئی لیکن ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ماہ مئی اور جون کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ رطوبت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور گرم ہواؤں کے سبب لو لگنے کے واقعات میں اضافہ کا بھی خدشہ ہے۔ماہر اطباء کا کہناہے کہ گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے اثرات انسانی جسم پر انتہائی منفی ہوتے ہیں اور اگر رات کے اوقات میں بھی درجہ حرارت میں کمی واقع نہیں ہوتی ہے تو ایسی صورت میں انسانی جسم کو صحت یا ب ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے اسی لئے ایسے موسم میں صحت کا خصوصی خیال رکھا جانا ناگزیر ہوتا ہے۔ہندستان میں موسم گرما کی شدت کے سبب سال 2000-2004 اور سال 2017-2021 کے دوران گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے سبب اموات کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ آئندہ چند ماہ کے دوران گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر شہریو ںکو اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھنے کے علاوہ ٹھنڈی اشیاء کے استعمال کے علاوہ پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور راست دھوپ سے محفوظ رہنے کے اقدامات پر توجہ دینے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ م